صومالی خاتون نے بنچ پر بسیرا کرلیا
جمعرات 14 ستمبر 2017 3:00
ٹوٹنگ، لندن ..... یہاں رہنے والی ایک صومالی خاتون نے بلدیاتی فیصلے کے خلاف احتجاج کا انوکھا طریقہ اختیار کرتے ہوئے سڑک کے کنارے بنچ پر ڈیرہ ڈال دیا ہے اور گزشتہ 3سال سے دونو ںماں بیٹا اسی پر زندگی گزار رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی ادارے نے 2014ءمیں ان دونوں کو سرکاری فلیٹ سے نکال دیا تھا جس میں یہ لوگ رہ رہے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ ان لوگوں نے فلیٹ کا کرایہ ادا نہیں کیا تھا تاہم فلیٹ چھوڑ کر باہر نکلنے کے بعد سے دونوں ماں بیٹا ٹوٹنگ ہائی اسٹریٹ پر موجود بنچ پر زندگی گزار رہے ہیں اورسوتے وقت سر پر ترپال کو شامیانے کے طور پر لگا لیتے ہیں۔ بلدیاتی ذرائع کا کہناہے کہ کونسل نے ان دونوں کو نئے فلیٹ دینے کی کوشش بھی کی۔ جو 2کمروں پر مشتمل تھا اور جس کا ماہانہ کرایہ تقریباً1500پونڈ ہوتا ہے۔ جنوبی مغربی لندن کے وانڈنسورتھ علاقے کی بلدیاتی کونسل اب بھی دونوں ماں بیٹے کو منانے کی کوشش کررہی ہے۔ صومالی فیملی کے دوسرے افراد خانہ اور عزیز و اقارب کے علاوہ بلدیاتی کونسل کے دیگر ارکان اور کمیونٹی ممبر اپنی کوششیں کرکے تھک چکے ہیں مگر ماں بیٹا ماننے کوتیار نہیں۔ کہا جاتا ہے کہ گھر سے بیدخل کئے جانے کے بعد اس خاندان کے ایک عزیز کی موت بھی واقع ہوگئی اور پھر بیماریوں نے مختلف افراد کو اپنے گھےر ے میں لے لیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ مالی طور پر یہ دونوں قلاش ہوگئے اور سڑکوں پر زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے۔ مقامی کونسل کو اب یہ سمجھ نہیں آرہا کہ آخر ان دونوں کو کیسے راضی کیا جائے کہ وہ بنچ چھوڑ کر کسی فلیٹ میں منتقل ہوجائیں کیونکہ اس سے ایک طرف تو علاقے کی خوبصورتی پر اثر پڑرہا ہے تو دوسری جانب بلدیاتی انتظامیہ کی ساکھ بھی متاثر ہورہی ہے جس کے فرائض میں یہ بھی شامل ہے کہ وہ لوگوں کے رہنے سہنے کا معقول انتظام کرے۔