لندن..... ایک مقامی نیلام گھر کے زیر اہتمام ریش دار قوی الجثہ ہاتھی ممتھ کے 4ڈھانچے اور ایک ممتھ بچے کا ڈھانچہ جس کی عمر غالباً ایک سال رہی ہوگی یہاں نیلام کیا جارہا ہے اوراندازے کے مطابق تقریباً4لاکھ پونڈ میں فروخت ہوجائیگا۔ ماہرین آثار قدیمہ کی بین الاقوامی ٹیم نے اس حیرت انگیز ڈھانچے کا سراغ2002ءمیں ایک کنسٹرکشن سائٹ کی کھدائی کے دوران لگایا تھا۔ اس کے بعد سے اس کی جانچ پڑتال جاری تھی۔ ماہرین حیوانات کا خیال ہے کہ دنیا میں اس سے قبل بیک وقت کسی بھی جانور کے کنبے کا مکمل ڈھانچہ کہیں نہیں ملا او رادھر ادھر جو کچھ چیزیں برآمد بھی ہوئیں انکی حالت بہت خستہ اور خراب تھی۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ ان ڈھانچوں کو جس طرح سنبھال کر رکھا گیا ا ور اسکی جتنی دیکھ بھال کی گئی وہ حد سے زیادہ قابل تعریف ہے۔ دنیا میں اس سے قبل صرف ایک ممتھ بچے کا مکمل ڈھانچہ مل سکا ہے۔ وہ بھی اتنی اچھی حالت میں نہیں تھا۔ یہ ڈھانچے برف کے زمانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ نیلام گھر والوں نے اس قسم کی چیزیں جمع کرنے کے شائقین اور میوزیم والوں کو پیشکش کی ہے کہ اگر وہ اس نادر موقع سے فائدہ اٹھائیں تو وہ انکے لئے ایک اہم کارنامہ ہوگا اور وہ بھی ان ڈھانچوں پر فخر کرسکیں گے۔ ماہرین کے خیال میں یہ پورا کنبہ کسی قدرتی آفت کی لپیٹ میں آکر ہلاک ہوا ہے۔ مگر ڈھانچوں پر کسی قسم کے زخم یا چوٹ کے نشانات نہیں ہیں۔ نیلام گھر ذرائع کا کہناہے کہ نیلامی بلنگ ہسٹ کے نیلام گھر میں ہوگی اور پہلی بولی 21نومبر کو لگائی جائیگی جو ڈھائی لاکھ پونڈ سے شروع ہوگی اور کم سے کم 4لاکھ پونڈ تک پہنچ جائیگی۔ اس سے قبل اسی نیلام گھر والوں نے 2014ءمیں ایک ممتھ کا ڈھانچہ ڈیڑھ لاکھ پونڈ میں فروخت کیا تھا۔