Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی میں حجاج کے استقبال کےلئے عجوہ کھجوراور آب زم زم

 مدینہ منورہ .... مسجد نبوی الشریف کی انتظامیہ کی جانب سے حجاج کرام کا استقبال عجوہ کھجور اور آب زم زم سے کیا جارہا ہے۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے پروگرام " مسکراہٹ باعث اجر " کے تحت تمام اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حجاج کرام کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی سے پیش آئیں اس ضمن میں مسجد نبوی الشریف کے دروازوں کے انچارج سعود بن مساعد کا کہنا تھا کہ حجاج کرام کی خدمت کرنا ہمارے لئے باعث افتخار ہے ۔ مسجد نبوی الشریف کے دروازوں پر متعین اہلکاروں کو اس بات کی خصوصی ہدایت کی ہے کہ وہ حجاج کرام کا استقبال خندہ پیشانی سے کریں ۔ پروگرام کے مطابق مسجد نبوی الشریف کے دروازوں پر خصوصی اہلکاروں کو متعین کیا گیا ہے جنہیں عجوہ کھجوریں اور آب زم زم فراہم کیا ہے جو ہر آنے والے حاجی کو پیش کرتے ہیں ۔ حجاج کرام دراصل ضیوف الرحمان ہیں جن کا احترام کرنا ہم سب کا فرض ہے ۔ مساعد نے مزید کہا کہ حجاج کا بہترین طریقے سے استقبال کرنا ہمارے لئے باعث فخر ہے ہماری خواہش ہی نہیں بلکہ کوشش ہے کہ ضیوف الرحمان کو ہر ممکن حد تک آرام و سکون مہیاکیا جائے تاکہ شہر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم میں گزرے ہوئے انکے ایام خوشگوار ہو سکیں اور وہ یہاں سے بہترین یادیں لے کر جائیں جو انکی زندگی کا سرمایہ حیات بن جائیں ۔

شیئر: