Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ الیون سے جیتنے پر اعتماد میں اضافہ ہوا، سرفراز احمد

لاہور:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون آسان ٹیم نہیں تھی اس میں دنیا کے چند بڑے کھلاڑی شامل تھے اور اس کے خلاف سیریز جیتنے سے پاکستانی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 33 رنز کی جیت کے بعد سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی اور اب ورلڈ الیون کے خلاف جیت کے بعد پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف زیادہ اعتماد سے سیریز کھیلے گی۔سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز 28 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہی ہے جس کا آخری ٹی20 انٹرنیشنل 29 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔سرفراز احمد نے کہا کہ تقریباً چار ماہ بعد پاکستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلے گی جس کی تیاری کے لئے لاہور میں کیمپ لگے گا لہذا اس سیریز کی بھرپور تیاری کی جائے گی اور پوری توجہ اس سیریز پر مرکوز رہے گی۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ جب بھی آپ ہوم کراوڈ کے سامنے کھیلتے ہیں اس کا اثر بہت موثر ہوتا ہے اور پاکستانی کھلاڑی پچھلے کئی برس سے اس سے محروم تھے۔ یہی وجہ ہے کہ جب حسن علی یا کوئی بھی دوسرا بولر گیند کررہا تھا تو کرا وڈکا جوش وخروش اس بولر کے حوصلے بڑھارہا تھا۔ماضی میں ہم یہ چیز وسیم اکرم، وقاریونس اور شعیب اختر کی بولنگ کے وقت دیکھ چکے ہیں کہ کس طرح انھیں ہوم کراوڈ کی سپورٹ حاصل ہوا کرتی تھی۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے کھلاڑیوں کو سیریز سے پہلے یہی بات کہی تھی کہ جب آپ اپنے کراوڈ کے سامنے کھیلتے ہیں تو سب آپ کو پہچانتے ہیں اور جس طرح پاکستانی کرکٹرز نے پرفارمنس دی ہے اور انہیں شائقین نے داد دی ہے اس سے یقیناً ان کا حوصلہ بڑھے گا۔سرفراز احمد کہتے ہیں کہ انھوں نے ورلڈ الیون کے خلاف سیریز میں شائقین کا جو جوش وخروش دیکھا ہے وہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل اور دو سال قبل لاہور میں زمبابوے کے خلاف ہونے والے میچز میں نہیں تھا۔پاکستانی کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری آنے کے نتیجے میں فیلڈنگ کا معیار بھی بلند ہوا ہے۔
 

شیئر: