ریاض .... سعودی عرب میں بنگلہ دیشی سفارتخانے نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب نے مملکت میں غیرقانونی طور پر مقیم بنگلہ دیشیوں کے لئے مہلت میں ایک ماہ کی توسیع کردی۔ اعتبار 16 ستمبر سے ہوگا اور 15اکتوبر کو مہلت ختم ہوجائیگی۔ بنگلہ دیشی سفارتخانے نے اعلامیہ جاری کرکے توجہ دلائی کہ سعودی حکومت نے مملکت میں غیرقانونی طور پر مقیم بنگلہ دیشیوں سے کہا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں کارروائی کرکے سعودی عرب کو خیر باد کہہ دیں۔ غیر قانونی طور پر مقیم بنگلہ دیشی 16ستمبر سے 15اکتوبر تک سعودی عرب سے واپس جائیں گے۔ ان سے جرمانہ نہیں لیا جائیگا۔ انہیں قید کی سزا نہیں ہوگی اور فنگر پرنٹس کے منفی اثرات سے بھی محفوط رہیں گے۔سفارتخانے نے اپنے ہموطنوں سے کہا کہ جن بنگلہ دیشیو ںکے پاس قابل استعمال پاسپورٹ ہوں وہ محکمہ جوازات کی مہر لگوا کر مملکت کو خیر باد کہہ سکتے ہیں۔ جہاں تک ان لوگوں کا تعلق ہے جن کے پاس پاسپورٹ نہیں تو وہ بنگلہ دیشی سفارتخانے کے توسط سے مملکت کو خیر بادکہنے کے لئے مہر لگوا لیں۔سعودی عرب نے مارچ 2017ءمیں غیر قانونی تارکین کو مملکت چھوڑنے کیلئے 3ماہ کی مہلت دی تھی۔ اسکے بعد پہلے جون اور پھر جولائی میں مہلت میں 2بار توسیع کی گئی۔اب مہلت میں نئی توسیع دی گئی ہے تاکہ اب تک جو لوگ بوجوہ سفر نہیں کرسکے وہ نئی مہلت سے فائدہ اٹھا کر اپنے وطن واپس چلے جائیں۔