ریاض.... ایتھوپیا کے دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب نے غیرقانونی تارکین کیلئے 30 دن کی مزید مہلت دے دی۔ عملدرآمد 17 ستمبر اتوار سے شروع کردیاگیا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے ریاض میں ایتھوپیا کے سفارتخانے کو مہلت میں 30 روز کی توسیع کی تحریری طور پر اطلاع دے دی ہے۔ سعودی عرب نے مارچ 2017 ءکو اعلان کیا تھا کہ غیرقانونی تارکین وطن 3 ماہ کے اندر اندر سعودی عرب سے سفر کرجائیں ، ایسا کرنے پر ان پر نہ کوئی جرمانہ ہوگا ، نہ سزا ہوگا اور نہ ہی فنگر پرنٹس کے منفی اثرات مرتب ہونگے۔ ایسے تارکین وطن بھی اس سے استفادہ کرسکیں گے جن کے پاس سفری دستاویزات نہ ہوں۔ سہولت حکومت نے اس کے بعد 2 مرتبہ مہلت میں توسیع کی۔ پہلی مرتبہ جون اور دوسری مرتبہ جولائی میں غیرقانونی تارکین کو مزید وقت دیاگیا۔ ایتھوپیا ان ممالک میں سے ایک ہے جن کے باشندے سعودی عرب میں غیرقانونی طریقے سے کثیر تعداد میں اقامت پذیر ہیں۔ 70 ہزار سے زیادہ ایسے ایتھوپین مملکت کو اب تک خیرباد کہہ چکے ہیں جو سعودی عرب میں غیرقانونی طریقے سے ٹھہرے ہوئے تھے۔ 60 ہزار ایتھوپین ایسے ہیں جنہوں نے سفارتخانے میں اندراج نہیں کرایا۔ یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ ایتھوپیا کے کتنے شہری غیرقانونی طریقے سے مملکت میں قیام پذیر ہیں۔ ایک تخمینہ یہ ہے کہ اس طرح کے لوگ 4 لاکھ کے لگ بھگ ہیں ان میں تعمیراتی مزدور اور گھریلو ملازمائیں دونوں شامل ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور ہندوستان کے سفارتخانے اپنے غیرقانونی تارکین کو 17 ستمبر سے شروع ہونےو الی نئی مہلت سے اردو نیوز کے ذریعے آگاہ کرچکے ہیں۔ دونوں سفارتخانوں نے اپنے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ مہلت میں 30 روز کی نئی توسیع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پہلی فرصت میں وطن واپس ہوجائیں۔