Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہلت میں توسیع پر شاہ سلمان سے اظہار تشکر

ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ وہ غیر قانونی مقیمین کو مملکت سے روانگی کیلئے دی گئی مہلت میں توسیع کیلئے شاہی فرمان کے اجراءپر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے انتہائی ممنون ہیں اور اسے ایک مستحسن اقدام قرار دیتے ہیں۔ وہ جمعہ کی سہ پہر اس فرمان کے اعلان کے بعد اردونیوز سے خصوصی بات چیت کررہے تھے۔ خان ہشام بن صدیق نے کہا کہ سعودی حکومت کی قبل ازیں دی گئی4ماہ کی مہلت کا اختتام 24جولائی کو ہوگیا تھا تاہم انکے سفارتخانے کے افسروں نے سعودی وزارت خارجہ کے حکام سے ایک ملاقات میں واضح کیا تھا کہ جن غیر قانونی پاکستانی مقیمین کے اقاموںکی مدت ختم ہوچکی تھی وہ اس مہلت سے مستفید نہیں ہوسکے تھے چنانچہ سعودی حکومت سے درخواست کی گئی تھی کہ دی گئی مدت میں مزید توسیع دی جائے۔ ہشام بن صدیق نے اس بات پر اظہار مسرت کیا کہ سفارتخانہ پاکستان کی التجا قبول کرلی گئی تھی اور یہ کہ 16ستمبر سے مزید ایک ماہ کی مہلت کیلئے شاہی فرمان کاا جراءکردیا گیا تھا۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر مقیم اپنے ہموطنوں پر واضح کیا کہ وہ اس مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد از جلد بغیر کسی سزا یا جرمانے کے وطن واپسی کا سفر اختیار کرلیں۔ اس طرح وہ نئے ویزوں پر ملازمت کیلئے سعودی عرب واپس بھی آسکیں گے۔ ایک سوال پر سفیر پاکستان نے کہا کہ 24جولائی تک سفارتخانہ پاکستان سے وزٹ ویزوں پر آئے 62805غیر قانونی مقیم کو واپسی کیلئے دستاویزات کا اجراءکیا گیا تھا جبکہ 43ہزار 579افراد کو ایگزٹ ٹریول ڈاکیومنٹ دیئے گئے تھے۔ 15998افراد کے پاسپورٹس کی تجدید کی گئی تھی۔ 
 

شیئر: