Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کی مہمان نوازی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،ہشام بن صدیق

 سعودی عرب ہمیشہ سے بین الاقوامی برادری کے درمیان امن و استحکام کا حامی ہے، یوم الوطنی پر پیغام
 
ریاض(جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ میرے لئے انتہائی اعزاز و مسرت کا مقام ہے کہ چند ماہ پیشتر مملکت میں پاکستانی سفیر کے فرائض سنبھالے ہیں۔ اپنے سعودی بھائیوں کے ہمراہ ان کے قومی دن کے جشن میں شرکت کر کے بے حد مسرور ہوں۔ مملکت میں اپنے وطن کی نمائندگی کے اعزاز پر فخر کرنے کے علاوہ اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ ان کے قومی دن کی تقریبات میں شریک ہو کر میں انتہائی مسرت محسوس کر رہا ہوں۔ مملکت سعودی عرب کے 87ویں مبارک قومی دن کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد ، نائب وزیراعظم اور وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مملکت سعودی عرب اور پاکستان کے باہمی تعلقات تاریخی ہیں۔ یہ باہمی جذبوں اور ایمان پر قائم ہیں۔پاکستانی عوام سعودی رہنماﺅں کو انتہائی احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ پاک سعودی تعلقات کو بیان کرنے کے لئے الفاظ ناکافی ہیں۔ ان روابط کی گہرائی جذبوں، دوستی اور پیار کے احساسات سے عبارت ہے۔ اس دوستی کے کئی پہلو ہیں۔ طویل وقتوں سے ثقافتی عنصر ہمارے درمیان مضبوط رشتہ رہا ہے۔ دین اسلام بھی ان روابط کا ایک اہم پہلو رہا ہے۔ یہی دین حنیف کرہ ارض کے مسلمانوں کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کھینچ لاتا ہے۔ مملکت سعودی عرب ، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یہ خصوصی اعزاز حاصل ہے کہ وہ حرمین شریفین کی نگہداری کرتے ہیں اور بے پناہ وسائل کو بروئے کار لا کر اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ساری دنیا سے آئے مسلمان آسانی اور راحت سے مناسک حج ادا کرسکیں۔ یہ عنصر سعودی اور پاکستانی عوام کے درمیان باہمی محبت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ دونوں برادر ممالک کے باہمی تعلقات میں وسیع اقتصادی روابط بھی کارفرما ہیں۔ مملکت میں26لاکھ پاکستانیوں کی موجودگی دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے کا کردار ادا کرتی ہے۔ وہ مملکت اور پاکستان کی اقتصادی پیشرفت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی کارکردگی کو دونوں ممالک احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ ہم پاکستانی تارکین وطن کے لئے مملکت کی مہمان نوازی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پر بصیرت رہنمائی سعودی عرب کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھانے کا مصمم ارادہ کئے ہوئے ہے۔ سعودی عرب ہمیشہ بین الاقوامی برادری کے درمیان استحکام ، امن اور ہم آہنگی کا حامی اور دنیا بھر کے دوستوں سے ہمکاری کا خواہشمند رہا ہے۔ اس نے ہمیشہ بین الاقوامی قانون کو اہمیت دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے اصولوں سے وابستگی قائم رکھی ہے جو دوسرے ممالک سے تعاون اور ان کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت پر زور دیتے ہیں۔ سعودی عرب اور اس کے عوام پاکستانی رہنماﺅں اور عوام کے دلوں میں ممتاز مقام رکھتے ہیں۔ اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ مل کر دعا کرتا ہوںکہ پاک سعودی تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کے فائدے کے لئے مضبوط سے مضبوط تر ہوتے رہیں۔ میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ مملکت سعودی عرب اور پاکستان کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ان کے باہمی خصوصی تعلقات کو سدا قائم رکھے۔

شیئر: