ریاض..... قطری حکام نے غیر منقولہ جائدادیں فروخت کرنا شروع کردیں۔ لندن میں ایک عمارت 610 ملین ڈالر میں فروخت کرنے کیلئے 2 تجارتی ثالث مقرر کردیئے۔ انسداد دہشت گردی کے علمبردار عرب ممالک کی جانب سے قطر کے بائیکاٹ پر قطری معیشت مختلف شکلوں میں متاثر ہورہی ہے۔ قطری حکام ایک طرف تو بائیکاٹ کے منفی اثرات سے کھلم کھلا انکار کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب منفی اثرات کے تدارک کیلئے اندرون و بیرون ملک مختلف اقدامات کئے چلے جارہے ہیں۔ قطری انویسٹمنٹ اتھارٹی نے لندن میں دفاتر پر مشتمل ایک عمارت فروخت کرنے کا عندیہ دیا ہے اسے ان دنوں کریڈٹ سوئٹس گروپ کرائے پر لئے ہوئے ہے۔ امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ قطر کے ماتحت ریاستی سرمایہ فنڈ نے مذکورہ عمارت 610 ملین ڈالر تک میں فروخت کرنے کیلئے 2 تجارتی ثالث مقرر کردیئے ہیں۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا بھر میں قطر کا اقتصادی اثر و نفوذ کمزور پڑنے لگا ہے۔ قطری فنڈ نے ٹیفانی اینڈ کو کمپنی میں اپنے حصص 417 ملین ڈالر میں فروخت کردیئے ۔ کمپنی میں قطر کے حصص 40 فیصد تھے۔