کویت .... کویتی امن عامہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت داخلہ نے شیعہ فرقہ کے تین مذہبی رہنماﺅں فاضل المالکی، منیر الخباذ اور باقر المقدسی کو ملک چھوڑنے کا حکم جاری کردیا۔ یہ تینوں محرم کے پہلے عشرے کی تقریبات میں شرکت کیلئے کویت پہنچے تھے۔ تینوں سے کہا گیا کہ 24 گھنٹے کے اندر کویت سے رخصت ہوجائیں۔ کویتی حکام نے بتایا ہے کہ الخباذ کو ایک مسجد میں بیان کی اجازت دی گئی تھی اس سے فارغ ہوتے ہی انہیں کویت چھوڑنے کیلئے کہا گیا ہے۔ کویتی ارکان پارلیمنٹ ولید الطبطبائی اور محمد ہایف نے امہات المومنین رضی اللہ عنہن کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کے ملک میں داخلے کی مذمت کرتے ہوئے کویت سے بیدخلی کا مطالبہ کیا۔ ہایف نے کہا کہ ان تینوں کو پہلی فرصت میں بے دخل کیا جائے۔ ایسے کسی بھی شخص کو جو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی شان میں گستاخیاں کرتا ہو کویت آنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔