Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناخن بھی آپ کی توجہ کے مستحق ہیں

ہاتھوں کے حسن میں ناخن بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ اکثر خواتین کے ہاتھ تو صاف ستھرے ہوتے ہیں مگر ناخن میلے، کھردرے، خشک یا ٹوٹے پھوٹے ہوتے ہیں، جس سے ہاتھ کی ساری خوب صورتی گہنا جاتی ہے۔ ناخنوں کی صحیح نشونما کے لئے مناسب دیکھ بھال اور صفائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ناخنوں کو بھی جسم کے باقی اعضاکی طرح غذائیت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ناخنوں کی صحت اور اہمیت کا اندازہ اس امر سے بہ خوبی لگایا جاسکتا ہے کہ بہت سی جلدی بیماریوں اور اندرونی خرابیوں کی علامت ناخنوں کی رنگت کے ذریعے ہی ظاہر ہوتی ہے۔
 
گھر کے کام کاج کے دوران بے احتیاطی کے باعث بعض خواتین کے ناخنوں میں بہت جلد انفیکشن ہو جاتا ہے لہٰذا کوئی بھی کام کرنے سے قبل ہاتھوں پر دستانے پہن لیں تاکہ آپ کے ہاتھ اور ناخن براہ راست متاثر نہ ہوں۔ کم ازکم مہینے میں ایک بار مینی کیور اور پیڈی کیور ضرور کریں۔
 
ہاتھوں اورپیروں کے ناخنوں کی صفائی کے لئے ایک ٹب میں نیم گرم پانی ڈالیں ،اس میں ایک کھانے کا چمچ نمک گھول کر اپنے ہاتھ اور پیر کم ازکم 10 منٹ تک بھگو کر رکھیں پھر آہستہ آہستہ نرم روئیں والے برش، اسفنج یا جھانویں سے ہاتھ پیروں کو رگڑیں اور روئی یا اسفنج کو لیموں کے رس میں بھگو کر ناخنوں کی صفائی کریں اور ہاتھ خشک کر کے کوئی کولڈکریم یا لوشن لگائیں یا پھر روغن زیتون، بادام یا ناریل لگا کر مساج کریں۔ نیل کٹر سے ناخن صاف کر کے تراش لیں اور نیل فائلر کی مدد سے اسے گول کر لیں، اس عمل سے ناخن گلابی، سفید اور چمکیلے ہو جائیں گے۔
 
ناخنوں کو دانتوں سے کترنے سے اجتناب برتیں اور چوٹ لگنے اور ٹوٹنے سے بچائیں ناخن کترنے کے لئے دوسروں کے نیل کٹر یا استعمال شدہ قینچی استعمال کرنے سے گریز کریں۔ بلیڈ سے ہرگز ناخن نہ کاٹیں۔ پیلے، بھدے، بے رونق اور کھردرے ناخن جلد ٹوٹ جاتے ہیں اور یہ خراب صحت کی بھی نشانی ہیں۔
 
اگر آپ کے ناخن جلد ٹوٹ جاتے ہیں تو آپ انڈا، دودھ، دہی، پنیر، گوشت، فولک ایسڈ، فولاد اور حیاتین ”کے“ استعمال کریں مچھلی اور سبزیوں کو روزمرہ کی خوراک میں شامل کریں۔ یہ اجزا ناخنوں اور ہڈیوں کی صحت کے لئے بے حد ضروری ہیں۔ اگر آپ کی صحت اچھی ہے اور پھر بھی ناخن ٹوٹتے ہیں تو روزانہ ایک لہسن کا جوا کچل کر ناخنوں پر دو3 منٹ ملیں۔
 
یاد رکھیں چہرے، ہاتھ پاو¿ں، بالوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ ناخنوں کی صفائی کو بھی اولیت دیں۔ اکثر خواتین اپنے ناخنوں پر صرف خاص مواقع پر ہی توجہ دیتی ہیں جب کہ خوب صورت ناخن ہمہ وقت توجہ مانگتے ہیں، اس لیے ان سے غفلت برتنا مناسب نہیں۔
 
 

شیئر: