کراچی ...تحریک انصاف اور ایم کیوایم پاکستان نے قومی اسمبلی میں نیا قائد حزب اختلاف لانے پر اتفاق کیا ہے۔ شاہ محمود کا نام اپوزیشن لیڈر کے طور پر پیش کیا جائے گا۔تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں وفد نے فاروق ستارسے متحدہ کے عارضی مرکز میں ملاقات کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ بیشتر مواقع پر قومی ایشوز پر تحریک انصاف کیساتھ موقف ایک ہی ہوتا ہے۔ اب باقاعد مکالمے کا آغاز ہوا ہے۔چاہتے ہیں کہ قومی ایجنڈے پر اتفاق رائے ہو۔ پاکستان کا مینڈیٹ تقسیم ہے۔ کوئی ایک جماعت عوام کو مشکلات سے نہیں نکال سکتی۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پیپلزپارٹی کا ہے اور پیپلزپارٹی کا فرینڈلی اپوزیشن کا کردار رہا ہے۔پیپلزپارٹی نے مسائل پر کبھی بات نہیں کی۔صرف ذاتی مفادات کا تحفظ کیا۔انہوںنے کہا کہ سندھ میں لوٹ مار اور نا انصافیوں کا بازار گرم ہے ۔ملک میں بلاتفریق احتساب اور انصاف ہونا چاہئے۔اس موقع پر شاہ محمود نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان سے کئی امورپرتبادلہ خیال ہوا ۔ کسی کی ذات سے اختلاف نہیں۔خورشیدشاہ سے احترام کا رشتہ ہے لیکن خدشہ ہے نیا مک مکا نہ ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے شفاف الیکشن تمام پارٹیوں کی ضرورت ہے۔ ایم کیو ایم بھی شفاف انتخابات چاہتی ہے۔ نیب کے نئے چیئرمین اور نگران حکومت کے معاملے پر سوچ سمجھ کر فیصلے کرنا ہوں گے۔شاہ محمودنے کہا کہ سراج الحق سے بات ہوئی ہے ان سے قربت ہے۔ خیبر پختونخوا میں جماعت اسلامی سے تعلق برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ چوہدری شجاعت سے بھی بات ہوئی ہے ان کے پاس بھی جاوں گا۔