اسلام آباد.... پاکستان میں سعودی سفارتخانے کے قائم مقام آرمی اتاشی بریگیڈیئر اسٹاف عبدالالہ بن راجح الکشیری نے سعودی عرب کے 87ویں یوم الوطنی کے موقع پر اپنے رفقاءکار اور خود اپنی جانب سے خادم حرمین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ، شاہی خاندان اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ 87ویں یوم وطنی کے موقع پر وہ نیک خواہشات اور دل کی گہرائیوں سے اپنی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگ قائد شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمان آل سعودؒ نے قرآن و سنت کی بنیاد پر مملکت سعودی عرب نامی ریاست استوارکی تھی۔ انہوں نے اس کا پراگندہ شیرازہ جمع کیا تھا۔ بانی مملکت کے بعد انکے حکمران بیٹوں نے وطن عزیز کی سربلندی اور ترقی و خوشحالی کیلئے نیک نیتی سے جدوجہد جاری رکھی۔ کارنامے انجام دیئے۔ ان دنوں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اس عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ قیام کے لمحے سے لے کر تا حال وطن عزیز کو اقوام عالم میں پاکیزہ رتبہ حاصل ہے اور ان شاءاللہ صالح قیاد ت کی فراست ، عوام کے اتحاد او راللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کی بدولت سازشیں کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ سعودی عوام کو بھی یوم وطنی مبارک ہو، یہ دن ہر سعودی شہری کیلئے باعث فخر و ناز ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن اور مسلم علاقوں کی ہر برائی سے حفاظت کرے۔