غیر ملکی بیویاں ہی سعودی شوہروں کی پٹائی کرتی ہیں
جمعرات 28 ستمبر 2017 3:00
ریاض ....انسانی حقوق کی سعودی سوسائٹی نے واضح کیا ہے کہ زیادہ تر غیر ملکی بیویاں ہی اپنے سعودی شوہروں کی پٹائی کررہی ہیں۔ ابھی تک کسی سعودی خاتون کے خلاف اس قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ سوسائٹی کے عہدیدار نے عاجل ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ انسانی حقوق کی سعودی سوسائٹی کو اب تک جتنی شکایات موصول ہوئی ہیں وہ غیر ملکی بیویوں کے خلاف ہیں۔ ویسے اس طرح کے واقعات زیادہ نہیں۔ قانونی مشیر اور وکیل علی القرشی نے واضح کیا کہ ہمارا معاشرہ یہ تو مان سکتا ہے کہ شوہر بیوی کی پٹائی کرے۔ سماج میں اس طرح کے واقعات سننے کو ملتے رہتے ہیں ۔یہ ہر خاندان کا اندرونی معاملہ ہے،کوئی مداخلت نہیں کرسکتا البتہ بیوی اپنے شوہر کے خلاف پبلک پراسیکیوشن سے رجوع کرسکتی ہے ۔ القرشی نے کہا کہ یہ بات ناقابل برداشت ہے اور نہ ہی شریعت اجازت دیتی ہے کہ بیوی شوہر کو زدو کوب کرے۔ یہ انسانی فطرت کے بھی منافی ہے۔