Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابو ظبی ٹیسٹ: سری لنکا نے227/4رنز بنا لئے

ابو ظبی:پاکستان اور سری لنکن کے درمیان یہاں شروع ہو نے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن سری لنکن ٹیم نے کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں4وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز اسکور کئے ۔ سری لنکا کی جانب سے میچ کے پہلے دن اوپنر دیموتھ کرونا رتنے ٹاپ اسکورر رہے ۔ 93رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن رن آوٹ ہو نے سے سنچری سے محروم ہو گئے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے2وکٹیں لیں۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہوا توکپتان دنیش چندی مل اور وکٹ کیپر نیروشان ڈکویلا وکٹ پر موجود تھے۔دونوں نے با لترتیب 60اور42رنز بنا رکھے ہیں۔ سری لنکن کپتان دنیش چندی مل نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکن اوپنرز دیموتھ کرونا رتنے اور کوشل سلوا نے محتاط انداز میں کھیل کا آغاز کیا ۔ دونوں ٹیم کو صرف 43رنز کا آغاز فراہم کر سکے ۔ کوشل سلوا آوٹ ہو نے والے پہلے بیٹسمین تھے جنہیں حسن علی نے 12 رنزپر بولڈ کیا۔ اگلے ہی اوور میں یاسر شاہ نے کریز پر آنے والے نئے بیٹسمین لاہیرو تھریمانے کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ یکے بعددیگرے2 وکٹیں گرنے سے سری لنکا کی ٹیم دبا کا شکار ہوگئی ۔ اوپنر کرونارتنے نے نئے کھلاڑی کوشل مینڈس کے ساتھ اس دباوکو ختم کرنے کی کوشش کی اور مجموعی اسکور کو61رنز تک پہنچایا اس مرحلے پر یاسر شاہ نے کوشل مینڈس کو وکٹ کیپر اور کپتان سرفراز کی مدد سے آ وٹ کر دیا۔پاکستانی ٹیم اس وقت بہتر پوزیشن میں آگئی تھی لیکن سری لنکن کپتان دنیش چندی مل نے کرونا رتنے کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں100رنز بنا تے ہوئی اننگزکو سنبھال لیا۔161کے مجموعی اسکور پر پاکستانی ٹیم کو اس وقت اہم کامیابی ملی جب اوپنر دیموتھ کرونا رتنے93رنز پر رن آوٹ ہو گئے اور صرف 7رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے۔اس کے بعد کپتان دنیش چندی مل نے مزید سنبھل کر کھیلنا شروع کر دیا ۔انہوں نے کھیل کے اختتام تک پاکستانی بولرز کو مزید کسی کامیابی سے محروم رکھا اور وکٹ کیپر نیروشان ڈکویلا کے ساتھ مل کر ایک اور اچھی شراکت کو آگے بڑھاتے رہے ۔پہلے دن کے اوورز مکمل ہوئے تو یہ شراکت66رنز ہو چکی تھی ۔ اس دوران سری لنکن کپتان اپنی نصف سنچری مکمل کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے جبکہ ڈکویلا بھی نصف سنچری کے قریب ہیں۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے7بولرز کو آزمایا لیکن سری لنکن ٹیم کو آوٹ کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے ۔یاسر شاہ نے34اوورز میں 59رنز دے کر2جبکہ حسن علی نے 17اوورز میں 58رنز دے کر ایک وکٹ لی۔بقیہ بولرز میں سے کوئی بھی وکٹ نہیں لے پایا۔

شیئر: