چشمہ خریدتے وقت کن باتوں کا خیال رکھنا چاہئے؟
بنیادی طور پر چشمہ آنکھوں کی حفاظت اور سورج کی تپتی شعاو¿ں کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے تیار کیا گیا تھا لیکن رفتہ رفتہ یہ فیشن کا لازمی جزو بن گیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ چشمے کے رنگوں اور ڈیزائن میں جدت آتی گئی۔ گزشتہ کئی سال سے چشموں میں گرے اور سیاہ رنگ کے شیشوں کے علاوہ نیلے،شربتی،گلابی اور سبز رنگ کے شیشے ستعمال کئے جارہے ہیں۔ اب ان میں ایک نئی قسم کا شیشہ جسے فوٹو کرومک لینس کہتے ہیں، استعمال ہونے لگا ہے۔ان شیشوں کا رنگ روشنی ،گرمی اور سائے کے مطابق ازخود بدلتا رہتا ہے۔ تیز روشنی میں ان کا رنگ گہرا ہوجاتا ہے اور سائے یا اندھیرے میں ان کا رنگ ہلکا ہوجا تا ہے۔
چشموں میں جدید ترین فیشن یہ بھی ہے کہ جس رنگ کا شیشہ ہو،اسی رنگ کا فریم لگایا جاتا ہے۔ چشمہ خریدتے وقت اپنے چہرے کی وضع قطع کے مطابق فریم منتخب کریں۔اگر آپ کا چہرہ گول ہے تو ہلکے رنگ کا چشمہ استعمال کریں،چشمے کا فریم اگر کنپٹی کے پاس چوڑا ہوگا تو آپ کے چہرے پر مناسب رہے گا۔اگر چہرہ لمباہے تو گہرے شیشے کا چشمہ لگائیں۔اس کا فریم پتلا اور ناک کا بریج نیچا ہو۔اگر آپ کا چہرہ چوکور سا ہے تو گول اور گہرے رنگ والے شیشوں کا چشمہ مناسب رہے گا۔اگر آپ کا چہرہ بیضوی ہے تو ہر قسم کا چشمہ اس پر جچتا ہے۔
چشمے کے شیشوں کی پہچان کے لئے چشمے کو عمودی انداز میں پکڑلیں اور آنکھوں سے ایک فٹ کے فاصلے پر رکھ کر انہیںایک سمت میں گھمائیں۔ پھر آہستہ آہستہ دوسری سمت میں گھمائیں ،اگر آپ کو شیشے کے دوران اشیا ءہلتی ہوئی محسوس ہوں تو چشمہ ہرگز نہ خریدیںکیونکہ اس کے استعمال سے سر میں درد محسوس ہونے لگتا ہے۔