ابوظبی:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین سمیع اسلم کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کےلئے انہیں بڑی اننگز کھیلنی ہوگی۔بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے 21 سالہ سمیع اسلم نے سری لنکا کے خلاف ابوظبی میں جاری پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شان مسعود کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 114 رنز کا اضافہ کیا لیکن وہ ایک بار پھر نصف سنچری کو سنچری میں بدلنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور 51 رنز بنا کر پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔اپنے 12ویں ٹیسٹ کی 22ویں اننگز میں یہ سمیع اسلم کی ساتویں نصف سنچری تھی جن میں سے 2 مرتبہ وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے ہیں۔ سمیع اسلم کہتے ہیں کہ ان کی نظریں سنچری پر مرکوز ہیں۔یہ بات بالکل ذہن میں ہے کہ مجھے سنچری کرنی ہے۔جب آپ اوپنر یا کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہیں تو آپ یہی سوچتے ہیں کہ ٹیم کےلئے بڑی اننگز کھیلنی ہے۔کوشش کررہا ہوں کہ بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوجاوں۔سمیع اسلم اس تاثر کی نفی کرتے ہیں کہ وہ نصف سنچری کو 3 ہندسوں میں تبدیل کرنے سے قبل دباوکا شکار ہوجاتے ہیں،ایسا ہرگز نہیں۔میں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی سنچریاں بنائی ہیں جبکہ انڈر 19 کی سطح پر کھیلے جانے والے ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں میری 6سنچریاں ہیں جو دنیا میں سب سے زیادہ ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ جلد مجھے بڑی اننگز کھیلتے ہوئے دیکھیں گے۔سمیع اسلم گزشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹسمینوں میں چوتھے نمبر پر تھے انہوں نے صرف 9ٹیسٹ میچوں میں 6 نصف سنچریوں کی مدد سے 618 رنز بنائے تھے لیکن آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے 2 میچوں میں قابل ذکرا سکور نہ کرنے پر وہ ٹیم سے ڈراپ کر دئےے گئے تھے۔ پاکستانی ٹیم کے دورے بھی کافی سخت رہے تھے۔ جب آپ ٹیم سے ڈراپ ہوتے ہیں تو آپ کو افسوس ہوتا ہے لیکن میں نے اس فیصلے کو مثبت انداز میں لیا۔میں نے سخت محنت کی اور میرے فٹنس ٹیسٹ پہلے سے بھی اچھے آئے۔میں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی اور اب خود کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ بہتر محسوس کررہا ہوں۔سمیع اسلم نے ابوظبی میں شان مسعودکے ساتھ اوپننگ کی ہے جو ان کے تیسرے اوپننگ پارٹنر ہیں اس سے قبل وہ محمد حفیظ اور اظہرعلی کے ساتھ اوپننگ کر چکے ہیں۔اگر آپ کی دوسرے پارٹنر کےساتھ ذہنی ہم آہنگی ہے تو پھر کوئی مشکل نہیں ہوتی۔شان مسعود کے ساتھ لاہور میں پریکٹس میچ کھیلا تھا لہذٰا ابوظبی ٹیسٹ میں ان کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔