عرب صحراء میں کرکٹ کی ہوائیں
دبئی :متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کی ہوائیں چلنے لگیں کیونکہ سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے سرفراز الیون نے یواے ای میں پڑاو ڈال دیا ہے اور کھلاڑی آج سے پریکٹس کا آغاز کریں گے ۔مصباح الحق اور یونس خان کا خلا پر کرنے کیلئے مڈل آرڈر بلے باز وں کوخصوصی لیکچر دئیے جائیں گے جبکہ رسک نہ لیتے ہوئے پہلے میچ میں عامر ،وہاب اور عباس پربھروسے کا امکان ہے ۔وکٹ دیکھ کر دو ا سپنرز یاچوتھا پیسر میدان میں اتارا جائے گا جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کیساتھ بلال آصف کو موقع دینے کی پلاننگ کی گئی ہے۔ دبئی پہنچنے والے قومی اسکواڈ میں 16 کھلاڑی اور 9 آفیشلز شامل ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔ابتدائی طور پر ٹیسٹ ٹیم امارات پہنچی ہے جبکہ ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کیلئے نئے اعلان کردہ کھلاڑی بعد میں کپتان سرفراز احمد کو جوائن کریں گے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان 2ٹیسٹ کا آغاز 28ستمبر کو ابو ظبی میں پہلے میچ سے ہوگا جبکہ دوسرا میچ 6اکتوبر سے دبئی میں شیڈول ہے جو ڈے / نائٹ ہوگا اور پنک گیند سے کھیلا جائے گا۔ 5 ون ڈے میچز 13، 16، 18، 20 اور 23 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ پہلا ٹی 20 میچ 26اور دوسرا 27اکتوبر کو ہوگا ۔سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ 29اکتوبر کو ہے جو لاہور میں کھیلا جائے گا تاہم اس کا انعقاد سیکیورٹی صورتحال سے مشروط ہے ۔ صرف دو میچوں کی سیریز ہونے کے باعث ٹیم مینجمنٹ کوئی رسک نہیں لینا چاہتی اس لئے پہلے ٹیسٹ میں تجربات سے گریز کرتے ہوئے نئے کھلاڑیوں کی پلیئنگ الیون میں شمولیت مشکل نظر آتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر فاسٹ بولر وہاب ریاض ،محمد عامر اور عباس کو میدان میں اتارا جائے گا جبکہ کنڈیشنز کو دیکھنے کے بعد چوتھا فاسٹ بولر کھلانے کا فیصلہ ہو گا جس کیلئے حسن علی کو میر حمزہ پر فوقیت دی جائے گی ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر دو اسپنر کھلائے گئے تو لیگ اسپنر یاسر شاہ کیساتھ آل راونڈر بلال آصف کو حتمی الیون میں جگہ ملے گی کیونکہ اچھی بیٹنگ کی وجہ سے انہیں محمد اصغر پر برتری حاصل ہے ،اس حوالے سے حتمی فیصلہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر اورکپتان سرفراز احمد وکٹ دیکھنے کے بعد کریں گے جبکہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ وہاب ریاض کو پہلے میچ میں موقع نہیں دیا جائے گا جن کی جگہ میر حمزہ کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں وہاب ریاض کی شمولیت یقینی ہے کیونکہ ان کے پاس رفتار ہے اور ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں پنک گیند کیساتھ وہ حریف بلے بازوں کیلئے خاصی مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔