آئیوا..... آئیوا یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے بچوں کی نفسیات اور انکی حرکات اور سکنات کے حوالے سے ایک تحقیقی رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹیلیویژن سے چپک کر رہ جانے والے بچے صحت مند نہیں رہتے۔ انکا نہ صرف تن و توش بڑھ جاتا ہے بلکہ وزن میں بھی خطرناک حد تک اضافہ ہوجاتا ہے اور ایسی صورتحال کیلئے انکے والدین نسبتاً زیادہ ذمہ دار قرار دیئے جاسکتے ہیں۔ سائنسدانوںکا کہناہے کہ بچوں کے بیڈ روم میں ٹی وی سیٹ لگانے کا مقصد یہی ہے کہ آپ اپنے بچے کو موٹا، بھدا اور مریض بنانا چاہتے ہیں اگر انکے کمرے میں ٹی وی سیٹ لگا ہے اور وہ رات بھر اپنے بستر پر پڑے اور صوفے پر لیٹے ہوئے ریموٹ کنٹرول سے شغف کرتے ہوئے نظر آتے ہیں تو انکی ذہنی اور جسمانی صحت خراب ہے اور فوری علاج کی ضرورت ہے۔ تحقیقی رپورٹ سے قبل ایسی اطلاع سامنے آئی تھی کہ برطانیہ میں 7سال کے 50فیصد بچوں کے کمروں میں ٹی وی لگے ہیں۔ سائنسدانوں کا کہناہے کہ پتہ نہیں والدین کس عقل سے کام لیتے ہیں۔