Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کلائی پر باندھا جانے والا تھرمواسٹیٹ

 لندن ..... تھرمواسٹیٹ ایک ایسا آلہ یا گیجٹ ہے جو درجہ حرارت کو کم اور زیادہ کرتا ہے تاہم اب تک یہ آلہ یا گیجٹ ریفریجریٹر ، کولر اور اسی قسم کی دیگر چیزوں میں لگتا رہا ہے مگر اب ایم آئی ٹی کے تربیت یافتہ سائنسدانوں نے ایک ایسے ذاتی تھرمو اسٹیٹ کو روشناس کرایا ہے جو بے آرامی کی ہر کیفیت سے نجات دلاسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایمبر ویو نامی تھرمو اسٹیٹ ، تھرمو الیکٹریک ٹائل کو استعمال کرتا ہے اور اسی ٹائل کی وجہ سے اسکا درجہ حرارت تبدیل ہوتا ہے جب برقیاتی لہریں اسے مس کرتی ہیں یا اس کے پاس سے گزرتی ہیں۔ اسے تیار کرنے والوں کا کہناہے کہ جو شخص اپنی کلائی پر اسے لگائیگا وہ آس پاس کے درجہ حرارت کو بیٹھے بیٹھے اپنے اس تھرمو اسٹیٹ کی مدد سے کم یا زیادہ کرسکے گا یعنی اگر گرمی لگ رہی ہے تو وہ اسے ٹھنڈک کا احساس دلائیگا اور اگر ٹھنڈک محسوس ہورہی ہو تو اسے گرم رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ حرارت میں کمی بیشی کے حوالے سے اسکی کارکردگی حیرت انگیز ہے اور اسکا سہرا اسکی ساخت کے سر جاتا ہے جسے المونیم کی مدد سے تیارکیا گیا ہے۔ سائنسدانوں نے اس حوالے سے یہ بھی بتایا ہے کہ انسانی کلائی جسم کی ایسی حساس ترین جگہ ہے جو گرمی اور سردی کو سب سے پہلے محسوس کرتی ہے۔ اسکی حساسیت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ ڈاکٹرز بھی کسی مریض کو دیکھتے وقت اسکی کلائی سے گزرنے والی نبض کو دیکھتے ہیں۔ اس گھڑی نما گیجٹ کو لگا کر لوگ انتہائی مصروف سڑکوں سے گزرتے ہوئے یا کسی اجتماع میں بیٹھے ہوئے رہنے کے باوجو د اپنی پسند کے مطابق خود کو ٹھنڈا یا گرم رکھ سکتے ہیں۔ واضح ہو کہ اس کے اثرات اسی قسم کے ہوتے ہیں جیسے پرانے نسخے کے مطابق لوگ گرمی لگنے کی صورت میں سردی محسوس کرنے کیلئے یا سردی میں گرمی محسوس کرنے کیلئے اپنی کلائی پر برف کا ایک ٹکڑا رکھ لیتے ہیں۔

شیئر: