ٹوکیو..... روبوٹ ٹیکنالوجی کو مزید ترقی دیکر زیادہ سے زیادہ انسان نما بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جاپان میں منعقدہ حالیہ گیم شو میں پریس کانفرنس کے دوران ایک دوسرے کی مماثل دو لڑکیاں میڈیا کے سامنے آئیں تو میڈیا والے بھی حیران رہ گئے کیونکہ انکے لئے فیصلہ کرنا مشکل تھا کہ اس میں کونسی لڑکی حقیقی ہے اور کون سی روبوٹ ہے۔ لائف سائز کے یہ اینڈرائڈ روبوٹ پی ایس فو ر گیمز کے پروموشن کے سلسلے میں ہونے والی پریس کانفرنس میں پیش کئے گئے ہیں۔ بعدازاں اس موقع کی تصاویر نیٹ پر جاری کی گئیں اور دیکھتے ہی دیکھتے کروڑوں افرا د نے اس میں حصہ لیا اور اپنے طور پر یہ جاننے کی کوشش کی کہ حقیقت کیا ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ یہ کسی لڑکی کے ہی دو رخ ہیں مگر اکثریت ان لوگوں کی تھی جو ملتی جلتی ان دو لڑکیوں میں سے ایک کو اینڈرائڈ کا نمونہ قرار دے رہے تھے۔ موقع پر موجود بہت سے افراد یہ کہتے ہوئے سنے گئے کہ انہیں اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آرہا کیونکہ اتنی زیادہ مماثلت کسی کے بھی ہوش اڑانے کیلئے کافی ہے۔ اب تک لوگ اس بات پر متفق نہیں ہوسکے ہیں کہ حقیقت کیا تھی۔ ان میں روبوٹ کون تھی اور اصل لڑکی کون تھی؟ بعض جرائد وغیرہ میں اس سلسلے میں بڑے مضامین بھی شائع ہوچکے ہیں۔