پاکستانی ون ڈے اسکواڈ کا انتخاب
دبئی:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اور سابق کپتان انضمام الحق سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے ون ڈے اسکواڈ کے انتخاب پر مشاورت کے لئے دبئی پہنچ گئے ہیں۔ٹیسٹ سیریز کے بعد پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان 5ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جا ئے گی جس کا آغاز 13 اکتوبر سے ہو گا۔ون ڈے اسکواڈ کے اعلان سے قبل چیف سلیکٹر انضمام الحق کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کریں گے۔ بورڈذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے فاتح ون ڈے اسکواڈ کو برقرار رکھا جائے گا اور ٹیم میں بظاہر تبدیلی کا امکان نظر نہیں آتا۔ فاسٹ بولر حسن علی کی کمر میں تکلیف ون ڈے سیریز میں ان کی شرکت کو مشکوک بنا سکتی ہے 16 ویں کھلاڑی کی حیثیت سے اسپنر محمد نواز کو بھی اسکواڈ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ چیمپئنزٹرافی جیتنے والے اسکواڈ میں محمد حفیظ ، اظہر علی ، فخر زمان ، بابر اعظم ، شعیب ملک ، سرفراز احمد ، حارث سہیل ، محمد عامر ، فہیم اشرف ، رومان رئیس ، حسن علی ، شاداب خان ، جنید خان ، عماد وسیم اور احمد شہزاد شامل تھے۔