Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فساد بھڑکانے کیلئے گؤ کشی ، 2 غیر مسلم گرفتار

گونڈہ۔۔۔۔۔مغربی اتر پردیش کے ضلع گونڈہ میں گؤ کشی کا ایک ایسا معاملہ سامنے آیا جس نے یو پی کی فضا خراب کرنے کی سازش رچنے والوں کا پردہ فاش کر دیا ہے۔واضح رہے کہ محرم کے موقع پر یو پی کے 9 اضلاع میں شر پسندوں نے تشدد بھڑکانے کا کام انجام دیا تھا۔ کانپور، بلیا، کشی نگر اور بارہ بنکی سمیت 9اضلاع میں توڑ پھوڑ اور آتشزدگی کے واقعات پیش آئے۔ کچھ مقامات پر تو محرم کے جلو س کے دوران سنگباری سے پولیس افسر سمیت متعدد افراد بھی زخمی ہو ئے تھے۔رپورٹس کےمطابق گونڈہ کے کٹرا بازار میں ایک گائے کو اس لئے مار دیا گیا تاکہ فساد بھڑکایا جا سکے۔ گونڈہ پولیس نےملزمان رام سیوک دیکشت اور منگلی دیکشت کو گرفتار کر لیا ہے۔ضلع گونڈہ میں جو واقعہ پیش آیا ہے اس سے فرقہ پرستوں کی پول کھل گئی ہے۔ یہاں کے بھٹ پورہ گاؤں میں رام سیوک اور منگلی نے سازش کے تحت گائےکی بچھیا(چھوٹی گائے) کوجب کاٹ رہے تھے تو انہیں گاؤں والوں نے دیکھ لیا اور پولیس کومطلع کردیا۔ ملزمان موقع سے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے لیکن پولیس نے بروقت کارروائی کرکے  دونوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ اومیش کمار سنگھ نےبتایاکہ کٹرا بازار تھانہ علاقہ کے بھٹ پوروا گاؤں میں گزشتہ رات رام سیوک دیکشت اور منگلی دیکشت نے گنیش پرساد دیکشت کی گائے کو ان کے دروازے سے کھول لیا اور گاؤں کے باہرمکئی کے کھیت میں لے جا کر اس کا سر دھڑ سے جدا کر دیا۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کو جب گرفتار کیا گیا تو وہ نشہ میں تھے۔ ان کے خلاف پہلے سے ہی کئی مقدمات چل رہے ہیں۔گؤ کشی کے بعد کشیدگی پھیلنے سے علاقے میں پولیس فورس تعینات کردی گئی۔ ملزمان نے پوچھ گچھ کے دوران بتایاکہ انہوں نے سازش کے تحت گائےکی گردن کاٹ کر الگ کردی تھی۔گونڈہ پولیس کے مطابق حالات اب معمول پر ہیں ۔پولیس کا کہنا ہے کہ اگر ملزمان گرفتار نہ کئے گئے ہوتے تو گؤ کشی کی خبر پھیلنے کے بعدپورے شہر  میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیل سکتی تھی۔

شیئر: