Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

6لاکھ سے زائد یمنیوں کو سہولتوں کیساتھ پناہ دے رکھی ہے، سعودی عرب

جنیوا.....اقوام متحدہ میں متعین سعودی نمائندے عبدالعزیز الواصل نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے مسائل حل کرنے میں غیر معمولی دلچسپی لیتا رہا ہے۔ ان دنوں بھی ان کا بوجھ ہلکا کرنے میں مصروف ہے اور آئندہ بھی اس حوالے سے تعاون جاری رکھے گا۔ سعودی عرب دینی تعلیمات اور اخلاقی اقدار کی بنا ءپر یہ کام کر رہا ہے۔ الواصل نے توجہ دلائی کہ مملکت میں دو لاکھ 91ہزار شامی پناہ گزین مقامی شہریوں کی طرح زندگی گزار رہے ہیں۔ انہیں صحت اور تعلیمی خدمات مفت دی جا رہی ہیں۔ ایک لاکھ 14ہزار شامی سعودی اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ لیبر مارکیٹ سے بھی منسلک ہیں۔ انہیں اقامے دے دئیے گئے ہیں۔ یمنی بحران کے آغاز سے لے کر اب تک 603833یمنی پناہ گزین مملکت میں رہ رہے ہیں۔ انہیں اقامے دیئے گئے ہیں۔ 285ہزار سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ باوقار زندگی گزارنے کیلئے ضروری سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔ شاہ سلمان مرکز برائے امدادو انسانی خدمات نے یمن میں 153منصوبے قائم کئے ہیں۔ مارچ 2015ءسے 8ارب امریکی ڈالر یمن کو پیش کئے گئے ہیں۔ سعودی عرب روہنگیا کے پناہ گزینوں کی سرپرستی ، بنگلہ دیش میں ان کے کیمپوں کے مسائل کے حل کے ذریعے کر رہا ہے۔ پناہ گزینوں کے ہائی کمشنر آئندہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

شیئر: