گورکھ ناتھ مندر کی زمین نواب آصف الدولہ نے بطور عطیہ دی تھی، ونوددوا
نئی دہلی۔۔۔۔ممتاز صحافی ونوددوا نے اپنے پروگرام ’’جن گن من کی بات‘‘میں کہا کہ گورکھپور کے گورکھ ناتھ مندر کیلئے زمین نواب آصف الدولہ نےبطور عطیہ دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے چند روز قبل ریاست کے سیاحتی مقامات پر مشتمل کتابچہ شائع کیا جس میں دنیا کے ساتویں عجوبہ تاج محل کے علاوہ لکھنؤ کے تاریخی امام باڑے کو بھی جگہ نہیں دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ مغلوں یا لودھیوں نے ہندوستان میں خود کوآباد کیا ۔ شاہجہاں کے دور میں ہندوستان کا جی ڈی پی 24فیصد تھا جو دنیا کا سب سے زیادہ تھا اور آج صرف1.3فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ لکھنؤ کے بڑے امام باڑے کی اپنی تاریخ ہے جہاں پر اودھ میں قحط سالی کےزمانے میںعوام نواب آصف الدولہ کی جانب سے فراہم کئے جانے والے بلا معاوضہ طعام سے استفادہ حاصل کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ امام باڑے اور تاج محل کو ٹورازم کے کتابچے میں شامل نہیں کیا گیا۔ البتہ گورکھ پور کے گورکھ ناتھ مندر کے جس مٹھ کے صدر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ہیں اسے فہرست میں شامل کرکے سیاحتی مرکز کا درجہ فراہم کیاگیاجبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس مندر کی اراضی نواب آصف الدولہ نے بطور عطیہ پیش کی تھی۔