پاکستانی ویمنز کرکٹرز کی کارکردگی متاثر کن ہے ، نئے کوچ
لاہور:پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ مارک کولز نے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے نئے کوچ مارک کولزکی نگرانی میں کھلاڑیوں نے وارم اپ اور فزیکل ٹریننگ کے بعد بولنگ، بیٹنگ، فیلڈنگ اور فٹنس کی بھر پور ٹریننگ شروع کردی ہے اور اس دوران کیمپ میں شریک ویمنز پلیئرز نے بوائز ٹیم کے ساتھ پریکٹس میچ بھی کھیلا۔مارک کولز نے کھلاڑیوں کو خصوصی لیکچر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی متاثر کن اور کھیل میں بہتری لانے کیلئے خاصا جوش و خروش نظر آ رہا ہے تاہم کچھ شعبوں میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریکٹس میچ میں چند پلیئرز نے اپنی صلاحیتوں کی جھلک دکھائی ہے۔ وکٹوں کے درمیان رننگ اور دیگر معاملات حل طلب ہیں جن پر کام کر رہے ہیں۔ رواں ماہ یو اے ای میں شیڈول آئی سی سی ویمنز کرکٹ چیمپیئن شپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے۔