سعودی روسی تعاون پر امریکہ کو تشویش
واشنگٹن..... امریکی وزارت دفاع کی ترجمان نے سعودی عرب کے ساتھ روس کے دفاعی میزائل سسٹم S400 کے سودے پر تشویش کا اظہار کردیا۔ پینٹاگون کی ترجمان نے پریس کانفرنس میں واضح کیاکہ ہمیں S400سسٹم روس سے خریدنے پر تشویش ہے۔ ہم بارہا اپنا یہ موقف پوری قوت سے بیان کرچکے ہیں کہ بڑے عسکری سودے کرتے وقت خطے میں امریکہ کے ہتھیاروں کے سسٹم اور دیگر ممالک کے اسلحہ کے سسٹم میں عملی مطابقت برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ دوسری جانب روسی صدر کے ابلاغی سیکریٹری دیمتری بیسکوف نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فوجی ٹیکنالوجی کے شعبے میں روس ، سعودی تعاون پر تشویش کا کوئی جواز نہیں۔ یہ کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ روس ، سعودی تعاون کے فروغ سے سب سے زیادہ فائدہ دونوں ملکوں کو ہوگا۔ پھر دنیا اور خطے میں استحکام کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ یہ تعاون کسی کے خلاف نہیں لہذا اس پر کسی بھی تشویش کو مسترد کیا جاتا ہے۔