پاکستانی حج کا تعاو ن مثالی رہا ، بہترین انتظامات دیکھنے میں آئے، صدر سیوہاروی اکیڈمی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) مولانا حفظ الرحمان سیوہاروی اکیڈمی کے صدر بہجت ایوب نجمی کا کہنا ہے کہ امسال اکیڈمی کی جانب سے پاک و ہند کے حجاج میں 75 ہزار سے زائد تحائف اور دعاﺅں پر مبنی کتابچے تقسیم کئے گئے ۔ اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نجمی نے مزید کہا کہ ہر برس کی طرح امسال بھی مولانا حفظ الرحمان سیوہاروی اکیڈمی کے زیر انتظام پاک و ہند کے علاوہ دیگر ممالک سے آنے والے عازمین کو مختلف امور میں رہنمائی فراہم کرنے کےلئے اکیڈمی کے رضا کاروں نے مثالی خدمات انجام دیں ۔ پاکستانی ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجدیوسفانی کی جانب سے بھی مثالی تعاون حاصل رہا جس کی وجہ سے حجاج کی عمارتوں میں تحائف کی تقسیم کا معاملہ کافی آسان ہوگیا تھا ۔ امسال اکیڈمی کی جانب سے 75ہزار تحائف پیکٹ تیار کئے گئے تھے جن میں جیبی جائے نماز ، اسماءاللہ پر مبنی طغرے ، امور حج سے متعلق دعاﺅں اور اہم مسائل پر مبنی مستند کتابچوں کے علاوہ معروف عطر کی شیشیاں شامل تھیں ۔ امسال مکہ مکرمہ میں 50 ہزار اور جبکہ مدینہ منورہ میں 25 ہزار تحائف پیکیٹس تقسیم کئے گئے ۔ قبل از حج اکیڈمی کے رضاکاروں کا گروپ یومیہ بنیاد پر مکہ مکرمہ جاتا جہاں عازمین میں تحائف کی تقسیم کے ساتھ ساتھ انہیں ارض مقدس کے تقاضوں اور بعض اہم مسائل سے آگاہی فراہم کرتا تاکہ وہ کسی قسم کی غلطی کے مرتکب نہ ہوں ۔ امسال مکہ مکرمہ میں پاکستانی حج مشن کی جانب سے عازمین کے لئے مثالی انتظامات دیکھنے میں آئے ۔ عازمین کو فراہم کیا جانے والا کھانا بھی بہترین تھا جبکہ دیگر معاملات کے حوالے سے بھی عازمین کافی مطمئن دکھائی دیئے ۔ مدینہ منورہ میں بھی پاک و ہند کے حجاج کرام کافی مطمئن تھے ۔