Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلامی روسی کانفرنس مملکت میں ہو، شاہ سلمان

ماسکو .....خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں روسی اسلامی گروپ کا اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ انہوں نے ماسکو یونیورسٹی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علوم و معارف کی ماہر منتخب ہستیوں کے درمیان خود کو پاکر خوشی محسوس کررہا ہوں، دوست ملک روس کے علمی قلعے میں آمد مسرت کا باعث بنی ہے۔ روس کے دوست عوام انسانی تمدن کے ارتقا اور علوم و معارف کے شعبوں میں اہم کردارا دا کررہے ہیں۔ شاہ سلمان نے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا کرنے پر ماسکو گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ فار انٹرنیشنل ریلیشن کے لئے قدرومنزلت کا اظہار کیا۔ شاہ سلمان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ علوم و معارف ہی اقوام عالم کی ترقی میں سنگ بنیاد کا درجہ رکھتے ہیں۔ انہی کی بدولت معاشروں کی معمار نسلیں تیار ہوتی ہیں۔ اقوام عالم کے درمیان روا داری اور پرامن بقائے باہم کے فروغ نیز تمدنی کارناموں کے تحفظ میں علوم و معارف کا کردار کلیدی ہے۔ شاہ سلمان نے کہا کہ ہمیں امت مسلمہ کے ورثے پر فخر ہے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ مسلم عربوں نے علوم کے مختلف شعبوں میں انسانی تمدن کے کاررواں کو مالا مال کیا اور اقوام عالم کی ثقافتوں کے درمیان بین الاقوامی تعلقات میں رابطے کے پل کا کردارادا کیا۔ شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب انسانی تمدن کی تشکیل اور درپیش چیلنجوں کے مقابلے میں حصہ لینے والی نئی نسل بڑی توجہ سے تیار کررہا ہے۔سعودی عرب سائنس، جدت طرازی ، ٹیکنالوجی ارتقاءاور افرادی قوت کے فروغ کو ترقی کی اہم بنیاد سمجھتا ہے۔ شاہ سلمان نے کہاکہ میں اس انسٹیٹیوٹ کے منبر سے سعودی عرب اور روس کے علمی و فکری مراکز اور جامعات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بامقصد مکالمے کے فروغ کیلئے رابطے کے پل بنائیں اور ان میں توسیع پیدا کریں۔ علوم و معارف کی نشرو اشاعت کو راسخ کریں۔ مشترکہ تحقیقی عمل کو فروغ دیں۔
 

شیئر: