Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امیت شاہ کے بیٹے کے ہی آئے اچھے دن!

نئی دہلی۔ ۔۔۔۔۔بی جے پی سربراہ امیت شاہ کے بیٹے جے امیت بھائی شاہ کی کمپنی ٹیمپل انٹر پرائززپرائیویٹ لمٹیڈکو بھاری منافع ہونےکی خبرپر کانگریس پارٹی نے امیت شاہ کو تنقیدکا نشانہ بنایا۔ راہول گاندھی نے جہاں وزیر اعظم نریندر مودی اور امیت شاہ پر ٹوئٹ کیا وہیں کپل سبل نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ 2014 میں حکومت تبدیل ہونے کے ساتھ ہی امیت شاہ کے بیٹے کی قسمت بھی بدل گئی۔کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے مودی حکومت اور امیت شاہ پر تنقید کرتے ہوئے  کہا کہ نوٹ بندی سے آر بی آئی ، کسان یا عام لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا مگر امیت شاہ کے بیٹے جے امیت شاہ کی کمپنی منافع کی بلندیوں پر پہنچ گئی۔ کانگریس کے سینئر رہنما کپل سبل نےپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’’بی جے پی صدر کے بیٹے کی کمپنی کا منافع اچانک 80 کروڑ تک کیسے پہنچ گیا ۔ کپل سبل نے کہا کہ منقولہ اور غیر منقولہ جائداد کی کمپنی نے 80 کروڑ کا ٹرن اوور کس طرح حاصل کر لیا؟ کپل سبل کے مطابق کمپنی کے پاس نہ تو کوئی خام مال تھا اور نہ ہی کوئی اسٹاک ،اس کے باوجود کمپنی کیلئے 80 کروڑ روپے کا سالانہ منافع کمانا حیرت انگیز ہے،اس کی تحقیقات کرائی جائے۔واضح رہے کہ ایک میڈیا رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ امیت شاہ کے بیٹے کی کمپنی ٹیمپل انٹر پرائززپرائیویٹ لمٹیڈ مارچ2013اور2014میں خسارےسے دوچار تھی جبکہ 2014اور 2015میں کمپنی منافع میں آ گئی۔یہ تبدیلی2015-16کے دوران ہوئی اور کمپنی کا  ٹرن اوور 80 کروڑ تک پہنچ گیا۔ کپل سبل نے کہا کہ کسی قسم کا گھپلا ہوا یا نہیں، تحقیقات کے بعد سامنے آجائیگا۔وزیر اعظم سے یہ دریافت کرنا چاہتا ہوں کہ کیا وہ اس معاملہ کی تحقیقات سی بی آئی سے کرائیں گے؟ جس کے نام کے ساتھ امیت شاہ لگا ہو، اسے گرفتار کون کرے گا؟ ۔ ‘‘عام آدمی پارٹی نے بھی اس معاملے کی تحقیقات کامطالبہ کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اس معاملہ میں منی لانڈرنگ کی بو آتی ہے اور پارٹی کا موقف ہے کہ کمپنی کے تمام ریکارڈز کی چھان بین کرائی جائے۔

شیئر: