جاپان گراں پری:لیوس ہیملٹن نے چوتھے ورلڈ ٹائٹل کی راہ ہموار کر لی
سوزوکا،جاپان: فارمولا ون ڈرائیور اور3ورلڈ ٹائٹلز جیتنے والے لیوس ہیملٹن نے جاپان گراں پری جیت کر ورلڈ چیمپیئن شپ اور چوتھے ٹائٹل کے حصول کی راہ ہموار کر لی۔ جاپان کے شہر سوزوکا میں ہونے والے مقابلے کے دوران ہیملٹن کے حریف سیبیسٹیئن وٹل صرف4 چکر ہی مکمل کرسکے اور گاڑی خراب ہو جانے کی وجہ سے مقابلے سے دستبردار ہو گئے ۔اس کے بعد اس ریس میں کوئی اور ڈرائیورہیملٹن کا مقابلہ نہ کرسکا اور برطانوی سپر اسٹار نے آسانی سے کامیابی حاصل کرلی ۔اس فتح سے لوئس ہیملٹن اپنے چوتھے ورلڈ ٹائٹل کے قریب پہنچ گئے ہیں اور آئندہ ہفتے آسٹن میں ہونے والے مقابلے میں اگر انہوں نے وٹل سے16پوائنٹس زیادہ اسکور کر لئے تو وہ ورلڈ چیمپیئن شپ کے حقدار قرار پائیں گے۔جاپان گراں پری میں میکس ورسٹیپن اور ڈینیئل ریکارڈو بقیہ 2پوزیشنیں حاصل کرکے وکٹری اسٹینڈ تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔