کویت..... کویتی وزیر صحت ڈاکٹر جمال الحربی نے غیر ملکی گھریلو ملازمین کو صحت خدمات پراضافی فیس سے استثنیٰ دیدیا۔ انہوں نے ہدایت دی ہے کہ سرکاری اسپتال اور ہیلتھ سینٹرز غیر ملکی گھریلو ملازمین سے صحت خدمات پر سابقہ فیس ہی وصول کریں۔ نئی اضافی فیس ان سے نہ وصول کرے۔ وزیر صحت نے اس حوالے سے متعدد قراردادیں جاری کی ہیں۔ ان میں سے ایک قرارداد یہ ہے کہ انتہائی نگہداشت کے شعبے اور امراض قلب کے آئی سی یو میں زیر علاج بچوں اور بڑوں سے نئی فیس معالج کی میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر وصول کی جائے۔ وزیر صحت نے حکم دیا ہے کہ سرکاری اسپتال اور ہیلتھ سینٹرز کویتی خاتون کے غیر ملکی شوہرسے صحت خدمات پر کوئی فیس اور محنتانہ وصول نہ کریں۔ ڈاکٹر الحربی نے ایک فیصلہ یہ جاری کیا ہے کہ متعدی امراض اور ان سے ملنے جلنے والے افراد نیز وبائی ممالک سے آنے والے غیر ملکی مریضوں کا معائنہ سابقہ فیس کے مطابق کیا جائے اور ان سے اضافی فیس وصول نہ کی جائے۔