بار بار نوبال سے خود پر ہنسی آ رہی تھی، وہاب ریاض
دبئی:سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں شاندار بولنگ کرنے والے وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ کپتان سرفراز نے بڑی ہمت بڑھائی اور حوصلہ افزائی کی جس سے اچھی بولنگ کے لئے مزید اعتماد ملا۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز کا کہنا تھا کہ کچھ بھی کرو بس وکٹیں چاہئیں۔کپتان کا کہنا تھا کہ چند اوورز کا کھیل بچا ہے بس ڈٹ کر بولنگ کرو اور میں نے ایسا ہی کیا ، اللہ کا شکر ہے کہ وکٹیں ملیں۔ پہلی اننگز میں 5 بار رنر اپ بھولنے کے بارے میں سوال پر وہاب ریاض کا کہنا تھا اس معاملے کو لطیفہ بلاوجہ بنا دیا گیا۔ یہ سب کچھ کھیل کا حصہ ہے ۔ میری کوشش تھی کہ نو بال نہ ہو اور نہ پیچھے رہ کر گیند کروں اسی چکر میں رن اپ خرا ب ہو گیا۔اس سوال پر کہ دوسری اننگز میں شاندار بولنگ اسی غصے کا نتیجہ تو نہیں تو فاسٹ بولر نے ہنستے ہوئے کہا کہ سچی بات تو یہ ہے کہ جب میں بار بار رن اپ بھولا تو مجھے خود پر ہنسی آرہی تھی کہ میں کیا کررہا ہوں اور دوسری اننگز میں بولنگ کا کسی غصے سے کوئی تعلق نہیں ، کپتان کی ہدایت تھی اور عمل کیا تو قسمت نے بھی ساتھ دیا اور وکٹیں ملتی رہیں۔