لندن ..... برطانوی ارکان پارلیمنٹ آئے دن برطانیہ یا اسکے آس پاس کے ممالک میں ہونے والے بم دھماکوں اور دہشتگردی کے واقعات کے بعد اتنے خوفزدہوگئے ہیں کہ انہیں ایوان نمائندگان کی عمارت بھی خطرے میں نظر آرہی ہے۔ انہی اندیشوں کو سامنے رکھتے ہوئے ایوان نمائندگان کی ایک متبادل عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی امکانی دہشتگردی کی صورت میں وہ فوری طور پر وہاں پناہ حاصل کرسکیں۔ابتدائی مرحلے میں مجوزہ عمارت کا مین چیمبربنایا جائیگا اور اسکی تعمیر میں اس بات کا بھی خیال رکھا جائیگا کہ نئی تعمیر کردہ عمارت آگ سے بھی محفوظ رہے۔ واضح ہو کہ مارچ میں ویسٹ منسٹر کے علاقے میں دہشتگرد حملوں کے بعد پورا ایوان یہ شور مچانے لگاتھا کہ ویسٹ منسٹر کا کوئی متبادل ہونا چاہئے۔ اس کی تعمیر کیلئے ایک کمیٹی بھی بنائی گئی جسے عمارت کی تعمیر کی غرض سے 8کروڑ 50لاکھ پونڈکا فنڈ بھی مہیا کردیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق متبادل عمارت کی تعمیر کا مطالبہ کرنے والوں میں ایوان کے اندر اگلی بنچوں میں بیٹھنے والے زیادہ پیش پیش ہیں جبکہ پچھلی نشستوں پر بیٹھنے والوں نے اس مطالبے میں کوئی خاص دلچسپی کا اظہار نہیں کیا۔ ا خبار میل آن لائن کے پولیٹیکل ایڈیٹر کا کہناہے کہ ان ارکان کو شکایت ہے کہ ایوان کی اکثریت نے مجوزہ عمارت کے حوالے سے ان سے کوئی پیشگی مشاورت نہیں کی۔ بعض لوگوں کا کہناہے کہ اس جزوی اتفاق رائے کو پورے ایوان کی رائے قرار دینا غلط ہوگا۔ اب بھی وقت ہے کہ سب سر جوڑ کر بیٹھیں اور مل جل کر کوئی حتمی فیصلہ کریں۔