اسلام آباد..پاکستان نے پھر واضح کیا ہے کہ افغانستان میں ہند کا کوئی بھی وسیع کردار خطے کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ افغانستان کی بدتر صورتحال کے باعث خطے میں مخصوص حالات ہیں ۔افغانستان میں ہند کا کردار خطے میں استحکام کے لئے خطرناک ہے۔ جمعہ کو اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ ہند پاکستان کے خلاف کالعدم تنظیموں کو استعمال کررہا ہے۔ قابل اعتماد شواہد موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان تنازع کے حل کے لئے ہمیشہ افغانوں کی زیر قیادت مصالحتی عمل کی ضرورت پر زوردیا ہے۔ نفیس زکریا نے امریکی وفد کے ساتھ ملاقات کوتعمیری اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ فریقین نے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ تنازع کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔ کشمیر کے بارے میں عالمی برادری کی خاموشی انتہائی تشویش کی بات ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد سب کے مشترکہ دشمن ہیں ۔تمام ممالک کو باہمی تعاون کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دینا ہوگی۔ انٹیلی جنس معلومات کا بروقت تبادلہ ہو تو دہشت گردتوں کے خلاف موثر کارروائیاں ممکن ہیں۔گزشتہ روز امریکی انٹیلی جنس اطلاعات پر ہی پاک فوج نے کینیڈین خاندان کو بازیاب کرایا جنہیں افغانستان میں اغوا کیا گیا تھا۔