سپر سانک جہاز”کانکارڈ کا بیٹا“ پہلی آزمائشی پرواز
اتوار 15 اکتوبر 2017 3:00
نیویارک ..... مشہور زمانہ طیارہ کانکارڈ کی ڈیزائننگ سے استفادہ کرتے ہوئے جس نئے ڈیزائن پر کام ہوا تھا اور ایک پرائیویٹ سپر سانک جیٹ طیارہ تیار کرلیا گیا تھا اسے” کانکارڈ کا بیٹا“ بھی کہا جارہا تھا اور اب یہ اپنی پہلی پرواز پر روانہ ہوچکا ہے جو تجربااتی ہے۔ اسکی ڈیزائننگ میں ایرو اسپیس کے مسافر بردار طیارے ایس ۔ 512سے بھی مدد لی گئی ہے اور 18مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش والا یہ طیارہ ایک سپر سانک جیٹ ہے لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ 6کروڑ ڈالر مالیت کا یہ طیارہ مطلق شور نہیں کرتا اور بیحد خاموشی سے اڑانیں بھرتا ہے۔ اسکی اندرونی ڈیزائننگ میں ایک باریک قسم کی ڈسپلے اسکرین لگائی گئی ہے جو کھڑکیوں کی جگہ ہے۔ یعنی لوگ عام کھڑکیوں کی طرح نہیں بلکہ کسی بڑے ٹی وی اسکرین کی طرح اسے دیکھ سکیں گے اور اس سے استفادہ کرینگے جبکہ طیارے کے باہر کے مناظر وڈیو کے ذریعے اندر اسکرین پر بھی دکھائے جاسکیں گے جس کی مدد سے مسافر اسی طرح لطف اندوز ہوسکیں گے جیسے لوگ چھوٹے سینما گھروں میں فلمیں دیکھتے ہیں۔ اسے تیار کرنے والی کمپنی کو امید ہے کہ یہ طیارہ 2021ءکے اوائل میں کمرشل پروازوں میں استعمال ہونے لگے گا جبکہ کاروباری بنیادوں پر اسکی فروخت 2023ءمیں شروع ہوگی۔ جب یہ طیارہ اپنے تمام مراحل سے گزر جائیگا تو اس کے ذریعے نیویارک سے لندن تک کا سفر صرف 3گھنٹے کا رہ جائیگا تاہم اسکی ساخت کے پیش نظر یہ سوال بیحد اہم ہے کہ کھڑکی یا اسکرین کے قریب بیٹھنے کا اعزاز کسے ملے گا۔ کیا ان نشستوں پر بیٹھنے والوں سے اضافی چارج لیا جائیگا یا وہ عام ٹکٹ پر سفر کرسکیں گے اب جبکہ اسے تیار کرنے والی پرائیویٹ کمپنی نے اسے آزمائشی طور پر بھیج دیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ پرواز بہتر رہی اور اس میں تبدیلیوں کی گنجائش مستقبل میں بھی رہیگی۔