میدان جنگ میں اب روبوٹ ٹینک
واشنگٹن.... امریکی فوجی انجینیئروں اور سائنسدانوں نے یہاں منعقد ہونے والی ایک فوجی نمائش میں ایک ایسے جدید ترین روبوٹ ٹینک کو پیش کیا ہے جسے فینٹم کا نام دیا جارہا ہے۔ یہ ٹینک6پہییوں پر چلتا ہے اور اس میں بڑی تعداد میں ٹینک شکن ہتھیاروں، گرینیڈلانچرز اور مشین گنوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔ اسکے علاوہ بھی اور بہت ساری چیزیں اسے ’’مرد میدان‘‘ ثابت کرنے کیلئے لگائی گئی ہے۔ روبوٹ ٹینک کی نمائش امریکی فوجیوں کی انجمن کے زیر اہتمام ہونے والے میلے میں ہوئی ۔ باخبر ذرائع کا کہناہے کہ اس ٹینک کو آئندہ سال یوکرین میں جنگی مقاصدکیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ڈیفنس ون نامی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق فینٹم کی نمائش کے وقت وہ یوکرینی فوجی افسران بھی موجود تھے جو امریکہ کے زیر اثر ہیں یا ان سے فوجی معاہدے کرچکے ہیں۔ سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس روبوٹ ٹینک کو میدان جنگ کے دشوار گزار راستوں پر چلانے میں بھی آسانی ہوسکتی ہے اور اسکی رفتار بھی عام فوجی گاڑیوںسے کہیں زیادہ ہوگی یعنی یہ ٹرانسپورٹ کا ذریعہ بھی ہے۔ ویسے بھی جدید ٹینکوں کے اندر 3سے5 فوجیوں کی گنجائش ہوتی ہے اور یہ فوجی خفیہ طور پر ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچا دیئے جاتے ہیں۔ ٹینک اتنا مضبوط ہے کہ اگر اس پر کوئی بھی حملہ ہو تو کوئی خاص اثر اس پر نظر نہیں آئیگا جبکہ اس میں لگی جدید ترین مشین گن اور طیارہ شکن توپیں خود ہی اپنی حفاظت کے قابل ہیں۔ ٹرانسفارمر کی ڈیزائننگ میں یوکرین اور امریکہ دونوں کا اشتراک نظر آتا ہے۔