انجم جج بن گئی،مقتول والد کا خواب شرمندہ تعبیر
مظفر نگر۔۔۔۔25برس قبل والد کو بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کردیا تھا ، آج بیٹی جج بن کر والد کے خوابوں کی تعبیر بن گئی۔پبلک سروس کمیشن کی پی سی ایس جے 2016امتحان میں کامیاب ہونے والی انجم سیفی 1992ء میں صرف 4سال کی تھیں جب گولیوں سے چھلنی ان کے والد کا جسم گھر پہنچا تھا۔ انجم کے ذہن میں وہ منظر آج بھی محفوظ ہے۔انجم نے جب کامیاب امیدواروں کی فہرست میں اپنا نام دیکھا تو آنکھوں سے آنسوچھلک پڑے اور والد کو یاد کرکے روپڑیں۔انجم نے بتایا کہ میرے والدنے سچ کی لڑائی لڑتےہوئے جان دی وہ ہمیشہ معاشرے میں تبدیلی لانا چاہتے تھے۔ میری کوشش ہوگی کہ ان کے بتائے ہوئے راستوں پر چل سکوں۔اللہ کے فضل سے اب مجھے وہ موقع نصیب ہوا۔انجم کی والدہ حامدہ بیگم نے بتایا کہ جب رزلٹ آیا تو سبھی پڑوسی اور رشتے داروں نے جشن منایااس موقع پر انجم سبھی سے یہی کہتی رہی کہ کاش آج میرے پا پا ہمارے درمیان ہوتے اور یہ خوشیاں ان کے ساتھ بانٹ پاتی۔حامدہ بیگم نے بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارےبچے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔