واردات کے بعد مملکت سے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے ، پولیس ترجمان
ریاض ( ارسلان ہاشمی ) پولیس نے بنگلہ دیشی کے ہم وطن قاتلوں کو گرفتار کر لیا ۔ ملزمان نے اپنے ہم وطن کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیا تھا اورنعش چھپانے کے بعد مملکت سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے ۔ ریاض پولیس کے ترجمان نے اردونیوز کو بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک نامعلوم شخص کی نعش علاقے میں موجود ہے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس پارٹی نے جائے وقوعہ پہنچ کر نعش تحویل میں لے کر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انکی تلاش شروع کردی ۔ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ انتہائی مختصر وقت میں پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کی تعداد 5 ہے ۔ گرفتار ملزمان میں 4 غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم تھے ۔ واردات کے بعدوہ مملکت سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے ۔ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ مقتول کا ان سے کسی معاملے پر اختلاف ہو گیا تھا جو اتنا بڑھا کہ اسے قتل کر دیا ۔ ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے انہیں تحقیقاتی ادارے کی تحویل میں دے دیا جہاں ان سے مزید تحقیقات کر نے کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔