ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ: سپر فور مرحلے کا آغاز
ڈھاکا:دسویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے دوسرے اور سپر فور مرحلے کا آغاز (آج) بدھ سے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکاکے مولانا بھاشانی ہاکی اسٹیڈیم میں ہورہا ہے۔پاکستانی ٹیم ابتدائی میچ میں ملائیشیا کے مدمقابل ہو گی۔ گروپ اے میں ہنداور گروپ بی میں ملائیشیا کی ٹیمیں 3، 3 میچز جیت کر ناقابل شکست رہیں۔ پاکستانی ٹیم گروپ اے میں ایک میچ جیت کر اور ایک برابرکھیل کر دوسرے نمبر پر رہی۔ سپر فور مرحلے میںپاکستانی ٹیم پہلے میچ میں ملائیشیا کے سے مقابلہ کرے گی۔ اسی دن دوسرا میچ ہند اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم دوسرے مرحلے میں اپنا دوسرا میچ جمعرات کو جنوبی کوریا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 21 اکتوبر کو روایتی حریف ہندکے خلاف کھیلے گی۔ دوسرے مرحلے کی 2ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 22 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔