تیسرا ون ڈے: امام الحق کی پہلے میچ میں سنچری، پاکستان سیریز جیت گیا
جمعرات 19 اکتوبر 2017 3:00
ابوظبی:سری لنکا کیخلاف تیسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے نوجوان اوپنر امام الحق کی شاندار سنچری کی مدد سے سری لنکا کو 7وکٹوں سے شکست دیدی۔ پاکستان 5ون ڈے میچوں کی سیریز بھی 0-3کی برتری سے جیت گیا۔ ابوظبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے 209 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے 42.3 اوورز میں 3 وکٹوں پرحاصل کر لیا ۔ فخر زمان کے ساتھ امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا ۔ فخر زمان 29 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے جبکہ پہلے اور دوسرے ون ڈے میں لگاتار سنچریاں بنانے والے بابر اعظم 30 رنز بنا سکے۔ تیسرے میچ کے اصل ہیرو امام الحق تھے جنہوں نے اپنی سلیکشن کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کروایا اور مین آف دی میچ رہے۔ پاکستانی ٹیم میں احمد شہزاد کی جگہ امام الحق کو کھلایا گیا تھا۔ امام الحق کے کیریئر کا یہ پہلا دن ڈے تھا۔ امام الحق نے سری لنکن بولرز کا جوانمردی سے مقابلہ کیا۔ امام الحق نے 124 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے اور اگلی ہی اٹھتی ہوئی گیند کو ہک کرنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ امام الحق کی شاندار پرفارمنس پر سابق کھلاڑیوں نے بھی انھیں داد دی۔ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اپنی ٹویٹ میں امام الحق کو کرکٹ کی دنیا میں خوش آمدید کہا۔ قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔نیروشان ڈکویلا اور ا±پل تھرنگا نے اننگز کا سست روی سے آغاز کیا ۔ ڈکویلا 18رنز پر حسن علی کا شکار بنے۔ دنیش چندیمل کو شاداب خان نے 19 کے سکور پر پویلین کا راستہ دکھای ۔ ا±پل تھرنگا کی وکٹ بھی شاداب خان کے حصے میں آئی۔ تھرنگا نے نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 61 رنز بنائے۔چمارا تھے 18 رنز بنا کر حسن علی کا شکار ہوئے۔ سری لنکا کو پانچواں نقصان ملندا سری وردانا کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 2 رنز ہی بنا سکے۔ اس کے فوری بعد ہی چھٹی وکٹ بھی گر گئی جب جیفری ویندرسے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ساتویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی تھریمانے تھے جو حفیظ کا شکار بنے۔ سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 163 رنز پر گری جب دانان جایا بھی صرف ایک رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکن 48.2 اوورز کاسامنا کرتے ہوئے208رنز پر آل آوٹ ہوگئے۔حسن علی نے 34رنز دے کر 5وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان کے حصہ میں 2وکٹیں آئیں۔پاکستان نے 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو0-3 سے شکست دے کر سیریز بھی اپنے نام کر لی ہے۔واضح رہے کہ بقیہ 2میچ شارجہ میں کھیلے جائیں گے جنہیں طے شدہ وقت سے ایک گھنٹہ قبل کر دیا گیا ہے۔مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3بجے شروع ہوں گے۔