جنوبی افریقہ کی طوفانی بیٹنگ، بنگلہ دیش کو ون ڈے سیریز سے ہاتھ دھونا پڑے
جمعرات 19 اکتوبر 2017 3:00
پارل،جنوبی افریقہ: میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف بنگلہ دیش کی یکطرفہ ناکامیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ دوسرے ون ڈے میں104رنز کی واضح فتح کے بعد جنوبی افریقہ نے 3ون ڈے کی سیریز0-2کی برتری سے جیت لی جبکہ ایک میچ ابھی باقی ہے۔104گیندوں پر7چھکوں اور15چوکوں کی مدد سے176رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے والے ابراہم ڈی ویلیئرز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرا ر دیا گیا۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے 6وکٹوں کے نقصان پر353رنز بنا کر بنگلہ دیش کو فتح کے لئے ایسا ہدف دیا جس تک رسائی جوابی اننگز میں کسی مرحلے پر بنگلہ دیش کے بس میں نظر نہیں آئی۔ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے ٹیم کو90رنز کا آغاز فراہم کیا۔ڈی کوک46رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ہاشم آملہ نے85رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔کپتان فاف ڈو پلیسس کو کھاتہ کھولنے کا موقع نہیں ملا تاہم سابق کپتان ڈی ویلیئرز بنگلہ دیش کے کسی بولر کو خاطر میں نہ لائے۔آخر تھک کر روبل حسین کی گیند پر کیچ دے دیا۔ انہوں نے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی جس کے دوران وہ68گیندوں پراپنی25ویںون ڈے سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ جین پال ڈمنی 30رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فرحان بہاردین7اوراندرےفیلوکوایوبغیر کوئی رن بنائے ناٹ آوٹ رہے۔روبل حسین نے4اورشکیب الحسن نے2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جوابی بیٹنگ میں اوپنر امراوالقیس68،وکٹ کیپر مشفق الرحیم60اورمحمود اللہ نے35رنز بناتے ہوئے کسی حد تک مزاحمت کی لیکن پوری سیریز کی طرح مہمان ٹیم کی بیٹنگ پھر توقعات پر پورا نہیں اتر سکی اور اندرےفیلوکوایو نے4جبکہ عمران طاہرنے3اورڈوین پریٹوریس نے2کھلاڑیوں کو آوٹ کرتے ہوئے 48اوورز میں249رنزپر بنگلہ دیشی اننگز کاخاتمہ دیا۔