بنگلہ دیش کیخلاف جنوبی افریقہ کی ون ڈے ٹیم کا اعلان
جمعرات 5 اکتوبر 2017 3:00
کیپ ٹاون :کرکٹ جنوبی افریقہ کی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا اور فاسٹ بولر ڈینی پیٹرسن پہلی مرتبہ ٹیم کا حصہ بننے کا امکان ہے۔بنگلہ دیش کے خلاف سیریز فاف ڈوپلیسی کو اے بی ڈی ویلیئرز کی جگہ کپتانی سونپی گئی ہے۔حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے جین پال ڈومینی بھی مڈل آرڈر کا حصہ ہوں گے۔مورنے مورکل اور کرس مورس انجری کے باعث ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ مورکل بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے جبکہ اسپنر کیشپ مہاراج کو ڈراپ کر دیا گیا۔جنوبی افریقی کنوینر آف سلیکٹرز لنڈا زونڈی نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس کے شروع میں انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ڈینی پیٹرسن کی کارکردگی متاثر کن رہی تھی اس لیے ہم نے انہیں بنگال ٹائیگرز کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے ٹیم میں شامل کیا ہے۔نسبتاً ناتجربہ کار بولنگ اٹیک کی قیادت کگیسو ربادا کریں گے جبکہ ان کا ساتھ اسکواڈ میں شامل واحد اسپنر عمران طاہر ہوں گے۔ اعلان کردہ اسکواڈ کے کپتان فاف ڈوپلیسی ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہاشم آملہ، ٹیمبا باووما، فرحان بہاردین، کوئنٹن ڈی کوک، اے بی ڈی ویلیئرز، جین پال ڈومینی، عمران طاہر، ڈیوڈ ملر، ویان پارنیل، ڈینی پیٹرسن، اینڈائل پھلکوایو، ڈیوائن پریٹوریس اور کگیسوربادا پر مشتمل ہے۔