مملکت بھر میں زنانہ لوازمات کا چارج آج سے خواتین کے نام
ریاض..... سعودی خواتین مملکت کے تمام علاقوں میں آج ہفتے کو زنانہ لوازمات والی دکانوں کا چارج سنبھالیں گی۔ زنانہ لوازمات فروخت کرنے والی دکانوںکی سعودائزیشن کا تیسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا۔ وزارت محنت کے ترجمان خالد اباالخیل نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ تیسرے مرحلے کے تحت زنانہ خوشبویات، جوتے، موزے اور ملبوسات صرف سعودی خواتین ہی فروخت کر سکیں گی۔ علاوہ ازیں زنانہ لوازمات فروخت کرنے والی چھوٹی دکانوں اور خواتین کے کپڑے فروخت کرنے والی دکانوں پر بھی خواتین ہی کام کر سکیں گی۔ دلہنوں کے جوڑے، عبائے ، مصنوعی زیورات، جلابیہ جات ، ماﺅں کی ضرورت کی اشیاء اور مالز میں فارمیسیوں کے شعبے بھی سعودی خواتین ہی دیکھیں گی۔