کسی سعودی عہدیدار نے اسرائیل کا دورہ نہیں کیا،دفتر خارجہ
اتوار 22 اکتوبر 2017 3:00
ریاض: سعودی دفتر خارجہ کے عہدیدار نے واضح کردیا کہ سعودی عرب کے کسی عہدیدار نے اسرائیل کا خفیہ دورہ نہیں کیا۔ مخالف ذرائع ابلاغ کا یہ دعویٰ کہ ایک سعودی عہدیدار نے حال ہی میں اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا ہے، ہر لحاظ سے غلط ہے۔ حقیقت سے اسکا کوئی تعلق نہیں۔ دفتر خارجہ کے عہدیدار نے مزید بتایا کہ سعودی عرب سلسلہ جنبانیوں ، ملاقاتوں اور اقدامات کے سلسلے میں دو ٹوک پالیسی پر گامزن ہے۔ چھپانے والی کوئی بات نہیں۔ دفتر خارجہ کے عہدیدار نے ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ کوئی بھی خبر جاری کرتے وقت حقیقت دریافت کرنے اور سچائی میں باریک بینی سے کام لیں۔ عہدیدار نے باور کرایا کہ کسی بھی افواہ پر کان نہیں دھرا جائیگا۔ مستقبل میں ایسی کسی بھی اطلاع پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جائیگا جو انجانے ذرائع سے میڈیا میں پھیلائی جائیگی۔ سعودی عرب اور اس کے عہدیداروں سے عداوت برتنے والے جھوٹے میڈیا کی کسی بھی خبر پر کوئی تبصرہ نہیں ہوگا۔