Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفارتخانہ پاکستان ریاض کے زیر اہتمام رنگا رنگ کلچرل پروگرام کا انعقاد

 ہزاروں پاکبانوں، غیر ملکی سفارت کاروں اور اعلیٰ سعودی احکام کی شرکت، گلوکار استاد حامد علی خان اور نایاب علی خان نے سرکے جادو جگائے 
 
 ذکاء اللہ محسن۔ ریاض
 
 
سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ریاض کی جانب سے وطن عزیز کی 70 سالہ تقریبات کے سلسلے میں رنگا رنگ کلچرل اینڈ کلاسیکل میوزک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں پاکبانوں، غیر ملکی سفارت کاروں اور اعلیٰ سعودی احکام نے بھرپور شرکت کی جبکہ پاکستان سے آئے ہوے پٹیالہ گھرانے کے گلوکار استاد حامد علی خان نے گائیکی کا ایسا شاندار مظاہرہ کیا کہ حاضرین جھومتے اور داد دیتے رہے۔
  تفصیلات کے مطابق پاکستان رواں سال اپنی 70ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ اس سلسلے میں جہاں پاکستان میں مختلف پروگرام جاری ہیں وہیں پر دنیا بھر میں پاکستانی کمیونٹی اپنی یوم آزادی منانے میں مصروف ہیں۔ اسی حوالے سعودی عرب میں سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان نے14 اگست کی 2 بڑی تقریبات منعقد کیں، وہیں پر ایک گرینڈ پروگرام کی تیاری بھی شروع کی جس کی ہدایت سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کی تاکہ سعودی عرب میں مقیم تمام پاکستانی اپنے وطن کی آزادی کو احسن انداز میں منا سکیں۔
2 ماہ قبل سفارت خانہ پاکستان نے معروف پاکستانی گلوکار استاد حامد علی کو سعودی عرب آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیاتھا۔اس حوالے سے 21 اکتوبر کو ریاض کے کنگ فہد کلچرل سینٹر کو چنا گیا اور پروگرام کی زبردست انداز میں تشہیر کی گئی۔ پروگرام کو یادگار بنانے کیلئے سفارت خانہ پاکستان کے تمام افسران نے بڑی دلجمعی اور تندہی کے ساتھ کام کیا۔پاکستانی کمیونٹی کے نوجوانوں نے بھی بھرپور کردار ادا کیا اور پروگرام کی ٹکٹوں کی فروخت سے لیکر تمام انتظامات کو یقینی بنایا۔ سفیر پاکستان کی ہدایت پر ٹکٹ کی قیمت انتہائی کم رکھی گئی تاکہ ہر پاکبان پروگرام میں آسانی سے شرکت کرسکے۔
کنگ فہد کلچرل سینٹرمیں منعقد ہونے والے کلچرل اینڈ کلاسیکل میوزک کا با قاعدہ آغاز رات8 بجے ہونا تھا تاہم کنگ فہد کلچرل سینٹر میں تمام بڑے پاکستانی ریسٹورنٹس کے کھانوں کے اسٹالوں ،لیڈیز کپڑوں کے ا سٹالوں کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد4 بجے ہی پہنچنا شروع ہو گئی۔کھانے پینے کے اسٹالوں کے علاوہ چوڑیوں،کاسمیٹکس اور مہندی کے اسٹالوں نے بھی خوب رنگ جمایا اور پاکستانی چٹ پٹے کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ لوگوں نے خوب خریداری بھی کی۔تقریباً 3ہزار پاکبانوں کے اکٹھے ہونے سے ایسی گہما گہمی بڑھی کہ میلے کا سا سماں لگنے لگا۔ہر چہرہ مسکراتا ہوا نظر آیا اور وطن سے دور رہ کر وطن سے محبت کے اظہار کیلئے سفارت خانہ پاکستان کے اس احسن اقدام کو خوب سراہتا رہا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے تمام اسٹالوں کا دورہ کیا اور ویلفیئراتاشی عبدالشکور شیخ نے تمام اسٹالوں کی تفصیلات سے ان کو آگاہ کیا۔ سفیر پاکستان فرداً فرداً لوگوں سے انتظامات اور پروگرام کے حوالے سے پوچھتے رہے جس پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے کمیونٹی کو تفریح کا ایسا شاندار موقع فراہم کیا ہے۔ 
  کنگ فہد کلچرل سینٹرکے خوبصورت ہال میں تقریب کا آغاز ہوا تو رنگ برنگی روشنیوں نے ایک جانب لوگوں کا استقبال کیا اور دوسری جانب ایسے رنگ بکھیرے کہ لوگ داد دئیے بغیر نہ رہ سکے۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن کے بچوں نے قومی ترانہ پڑھا تو غیر ملکی سفارت کاروں سمیت سعودی اعلیٰ احکام کے علاوہ پاکبان ترانے کے احترام میں کھڑے ہوگئے۔ ریاض شہر کے نوجوانوں کے میوزیکل بینڈ نے پاپ میوزک کے گانے پیش کیے ۔اس کے بعد پاکستان سے آئے نایاب علی خان نے گائیکی کے ایسے شاندار سُر چھڑے کہ ہال میں بیٹھے ہر فرد نے دل کھول کر داد دی۔ 
استاد حامد علی خان ا سٹیج پر آئے تو ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔قومی نغمے ’’ اے وطن پیارے وطن پاک وطن‘‘ استاد حامد علی کی زبان پر کیا آیا، ہر پاکستانی وطن کی محبت میں سرشار اور اس میں ڈوبا ہوا نظر آیا۔اس کے بعد استاد حامد علی نے کلاسیکل میوزک کے سُر چھڑے اور مختلف غزلیں سنائیں اور حاضرین سے خوب داد لیتے رہے۔تقریب کے اختتامی لمحات میں استاد حامد علی خان کی قوالی پر لوگ کی بڑی تعداد جھومنے پر مجبور ہوگئی۔
اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے استاد حامد علی خان نے کہا کہ سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق کا میں بے حد ممنون ہوں جنہوں نے مجھے دعوت دی اور مجھے یہ موقع ملا کہ میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے سامنے پرفارمنس دے سکوں۔پاکستان ہمارا ملک ہے اور مجھے بڑی خوشی ہے کہ سمندر پار بسنے والے پاکستانی بھی وطن کی محبت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔
سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق کا کہنا تھا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں۔پاکستان دنیا کا ایک اہم ترین ملک ہے۔ رواں برس ہم اپنی آزادی کی70 سالہ سالگرہ منا رہے ہیں اور یہ تقریبات پورا سال جاری رہیں گے۔ آج کا پاکستان نہ صرف مضبوط ہے بلکہ معاشی طور پر بھی اس میں بہتری آ رہی ہے۔پاکستان کے عوام ایک زندہ دل قوم ہے ۔یہ چیلنجز سے نپٹنا بھی جانتی ہے اور خوشی کے کسی موقعے کو رائیگاں بھی نہیں جانے دیتی۔پاکستان کو آگے بڑھانے کیلئے پوری قوم کو یک جان ہوکر کام کرنا ہوگا تاکہ ہماری آئندہ نسلیں ترقی یافتہ پاکستان میں زندگی گزار سکیں۔ سفارت خانہ پاکستان ہمیشہ پاکستانی بھائیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کام کرتا رہے گا۔یہاں یہ امر بھی لائق تحسین ہے کہ پوری کمیونٹی نے جس طرح پروگرام کو کامیاب کروایا ہے ،وہ یقینی طور پر مبارکباد کے حقدار ہیں ۔اس کے علاوہ  سفارتخانہ کے افسران اور دیگر عملہ بھی مبارکباد کا مستحق ہے کہ انہوں نے بڑی ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھایا ہے۔ 
سفیر پاکستان نے کلچرل اینڈ کلاسیکل میوزک پروگرام میں شرکت کرنے والے سفارت کاروںاورسعودی حکام کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیاجبکہ سفرائے کرام نے پاکستانی میوزک کو خوب سراہا۔
 
 
 

شیئر: