Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں کبوتربازی کا مقابلہ، پاکستانی اور سعودی شائقین کی شرکت

  ریاض .... ریاض میں کبوتر بازی ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں مسلم لیگ ن ریاض کے رہنما چوہدری عبدالمجید، کاشف خان، یوتھ ونگ کے صدر راجہ یعقوب، سینیئر یوتھ ونگ رہنما سید خسرو جان، کویت سے آئے ہوئے ابو مہتاب اور بڑی تعداد میں پاکستانی اور سعودی کمیونٹی نے شرکت کی۔ 
مہمان خصوصی چوہدری عبدالمجید کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے دور میں لوگوں کو اس طرح کی تفریح فراہم کرنا تعریف کے لائق ہے۔ میں اس ٹورنامنٹ کے تمام منتظمین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوتا رہے گا۔ اس سے پاکستانی اور سعودی کمیونٹی کے درمیان روابط مزید بہتر ہوں گے۔ 
کویت سے آئے ہوئے مہمان خصوصی ابو مہتاب کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ہماری محبت لازوال ہے جو کہ وقت گزرنے کے ساتھ اور مضبوط ہو رہی ہے۔ 
سعودی شہریوں نے ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد بوٹا کو شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔بعدازاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو نقد انعامات کے ساتھ ٹرافی، موبائل فون اور دیگر تحائف دیئے گئے۔ سب نے اس بات کا عزم کیا کہ آئندہ سال اس ٹورنامنٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے فاتح چوہدری محمد بوٹا قرار پائے جن کے کبوتر نے سب سے اونچی اڑان بھر ی تھی۔انہوں نے کہاکہ میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مملکت میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے لئے بہتر سے بہتر صحت مند تفریح فراہم کروں۔ یہ ٹورنامنٹ پچھلے18 سال سے کروا رہا ہوں۔
آخر میں ٹورنامنٹ کے منتظمین چوہدری محمد بوٹا، عبدو ابو محمد، محمد نعیم، استاد منیر، رانا جاوید، ریا ض ابو مشاری، رانا شعیب، مظفر بیگ، تنویر احمد اوررانا سلیمان نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی جانب سے ایک پُرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

شیئر: