ریاض.... مسلم لیگ (ن) ریاض کی طرف سے پاکستان سے آئے ہوئے حلقہ پی کے 27 کے ایم پی اے جمشید خان کے اعزاز میں ایک پُرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں مسلم لیگ (ن) ریاض کے چوہدری عبدالمجید، رانا اشرف،رانا خادم حسین،زاہد سندھو، امتیاز احمد،یوتھ ونگ کے صدر راجہ یعقوب کے علاوہ بڑی تعداد میں پختون برادری نے شرکت کی۔ اس دوران پارٹی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایم پی اے جمشید خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے لئے آپ سب کی خدمات تعریف کے لائق ہیں۔ پاکستان کے موجودہ سیاسی حالات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ(ن) وہ واحد جماعت ہے جس کے دور میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام ہوئے اور ہمیں میاں نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پختون اور پنجابی و دیگر صوبوں کے لوگ مل کر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ایسے بھائی چارے کی مثال اور کہیں نہیں ملتی۔
آخر میں جمشید خان نے کہا کہ میاں نواز شریف کا میںبے حد ممنون ہوں جنہوں نے میرے حلقے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے ایک بڑی رقم مختص کی جس سے سوات، شانگلہ،ڈی آئی خان، کوہاٹ،صوابی،چارسدہ اور پشاور میں بجلی اور گیس کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔