پہلے 5اوورز میں ہی عثمان شنواری نے میچ ختم کر دیا تھا ، سرفراز احمد
شارجہ: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی نے ٹیم میں نئی روح پھونک دی ہے اور جب کوئی توقعات پر پورا اترتے ہوئے شاندار طریقے سے پرفارم کرتا ہے تو بہت خوشی ہوتی ہے۔شارجہ میں کھیلے گئے 5 ویں اور آخری میچ میں سری لنکا کو شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔ ہمارے پاس بہت سے آپشنز موجود ہیں جو خوش آئند بات ہے۔ کھلاڑی بھرپور طریقے سے پرفارم کر رہے ہیں جس سے ٹیم کا مورال بلند ہو ا ہے۔ اچھی کارکردگی کا کریڈٹ پوری ٹیم اور مینجمنٹ کو جاتا ہے۔سرفراز احمد نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہمارے بیٹسمین مزید اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور ذمہ دارانہ کھیل پیش کریں۔ بیٹسمینوں کی اچھی کارکردگی سے بولرز پر پریشر کم ہو جاتا ہے اور انہیں اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ بولنگ کا موقع ملتا ہے۔ اگر ہم 270 سے 280 تک رنز بنا لیتے ہیں تو ہماری بولنگ اتنی مضبوط ہے کہ ہم اس ہدف کا کامیابی سے دفاع کر سکتے ہیں۔سرفراز احمد نے کہا کہ آخری میچ کے پہلے 5اوورز میں ہی نوجوان فاسٹ بولر عثمان شنواری نے میچ ختم کر دیا تھا جب انہوں نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے اپنی ابتدائی 21 گیندوں پر 5سری لنکن کھلاڑیوں کو آوٹ کر کے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔23سالہ فاسٹ بولر نے پہلے ہی اوور میں سدیرا سماراوکراما اور دنیش چندیمل کو آوٹ کر کے اپنے خطرناک عزائم ظاہر کر دیے۔انہوں نے بہترین بولنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اگلے ہی اوور میں اپل تھارنگا اورنیرو شانوشن ڈکویلا کو بھی آوٹ کیا تو سری لنکن ٹیم صرف 8 رنز پر 4 وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔اسکور ابھی 20 تک ہی پہنچا تھا کہ عثمان نے اپنے اسپیل کی 21ویں گیند پر ملندا سری وردنا کو فخر زمان کے ہاتھوں کیچ کرا تے ہوئے کیریئر میں پہلی مرتبہ 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔ عثمان نے 7اوورز میں34رنز دے کر یہ5وکٹیں حاصل کیں۔