Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ کپتان سرفراز احمد کو میچ فکسنگ کی پیشکش کا انکشاف

شارجہ: انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کے جس کھلاڑی کو اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش ہوئی وہ کپتان سرفراز احمد تھے ۔ پاکستانی کپتان سٹے بازوں نے اپنے جال میں پھنسانے کی کوشش کی مگرانھوں نے انکار کرتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ کورپورٹ کردی۔ پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اس بات کی تصدیق کرنے اور کھلاڑی کا نام بتانے سے انکار کر دیا۔ بورڈ کی پالیسی کے مطابق میڈیا میں کھلاڑی کا نام سامنے نہیں لایا جائے گا۔ رپورٹس میںدعویٰ کیا جارہا ہے کہ سرفراز احمد کو ٹیم کے ہوٹل سے منسلک شاپنگ مال میں اس وقت یہ پیشکش کی گئی جب وہ اپنی فیملی کے ساتھ وہاں موجود تھے ۔ اس دوران ایک مشکوک شخص نے انہیں روکا اور بات کرنا چاہی جس پرسرفراز نے اسے پاکستانی ٹیم کا مداح سمجھ کر اس سے بات کی لیکن جب اس نے فیلڈ پلیسنگ کے حوالے سے اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش توکپتان اس سے دور ہوگئے اور بعد میں ٹیم انتظامیہ کے علاوہ اینٹی کرپشن یونٹ کو بھی اس بارے میں آگاہ کردیا۔ انہوں نے لاہور میں ڈائریکٹر سیکیورٹی کرنل اعظم کو بھی پیشکش سے متعلق بتا دیا۔ مبینہ فکسر جنوبی ایشیائی باشندہ تھا اور ایک دوسری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرفراز احمد کو اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کرنے والا مبینہ طور پر شارجہ اسٹیڈیم کا پاکستانی ملازم ہے۔کراچی سے تعلق رکھنے والے شخص نے ہوٹل میں سرفراز کو اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی تھی۔اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش پرشارجہ اسٹیڈیم کے ملازم کےخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے سرفرازاحمد کو بولنگ میں تبدیلیوں کے حوالے سے اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی تھی۔ عرفان نامی یہ شخص شارجہ اسٹیڈیم میں گراونڈ سے متعلق امور دیکھتا ہے اور اس کے خلاف یو اے ای کے قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق پاکستانی کپتان سے سٹے بازنے سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ سے قبل رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ بکی پاکستان ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کو ذاتی طور پرجانتا ہے ۔اس واقعے کے بعد سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا گیا اور ٹیم کے کھلاڑیوں کی کسی بھی غیر متعلقہ شخص سے ملاقات پر پابندی عائد کردی گئی۔ دریں اثناپی سی بی نے سرفراز احمد کواسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کامعاملہ آئی سی سی کے سپرد کردیا۔آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ اس معاملے کی مکمل چھان بین کرےگا۔ اینٹی کرپشن یونٹ ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں سے بھی بات کرے گا۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کھلاڑی نے قواعدوضوابط کے تحت ہمیں فکسنگ کی پیشکش سے مطلع کیا۔

شیئر: